اسلام آباد (این این آئی) سٹیٹ بینک نے رینجرز کی سفارش پر ملک میں کام کرنیوالے تمام مالیاتی اداروں، مقامی اور عالمی بینکوں سے کہا ہے کہ وہ دہشت گردوں کو فنڈز فراہم کرنے کے الزامات کا سامنے کرنیوالی کراچی سے گرفتار چار اہم شخصیات کی مکمل بینک تفصیلات فراہم کریں۔ سٹیٹ بینک نے تمام بینکوں اور ترقیاتی مالیاتی اداروں (ڈی ایف آئیز) کے صدور اور چیف ایگزیکٹوز کو اس حوالے سے خطوط ارسال کئے ہیں جس میں سابق وفاقی وزیر اور آصف علی زرداری کے قریبی ساتھی ڈاکٹر عاصم حسین سمیت چاروں شخصیات کے نام اور ذاتی تفصیلات بھی درج ہیں۔ باخبر ذرائع نے بتایا کہ تین دیگر شخصیات میں سوئی سدرن گیس کمپنی کے ڈپٹی منیجنگ ڈائریکٹر شعیب وارثی، اسکے سابق منیجنگ ڈائریکٹر زوہیر صدیقی اور کامران احسان ناگی شامل ہیں۔ ذرائع نے بتایا کہ رینجرز نے ان شخصیات، انکے ساتھیوں اور اہل خانہ کے بینک اکاو¿نٹس کی تفصیلات مانگی ہیں۔ سٹیٹ بینک کے ترجمان عابد قمر نے رابطہ کرنے پر بتایا کہ وہ رینجرز کی تفصیلات فراہم کرنے سے متعلق ملنے والی ان ہدایات سے آگاہ نہیں۔ انہوں نے بتایا کہ سٹیٹ بینک اور دیگر بینک عدالت کو ایسی تفصیلات دینے کے پابند ہیں تاہم انہیں معلوم نہیں کہ آیا سیکیورٹی اداروں کو بھی ایسی معلومات دی جا سکتی ہیں یا نہیں۔ سپریم کورٹ کے سینئر وکیل منصور علی خان نے بتایا کہ بینکنگ کمپنیز آرڈیننس 1969ءکے تحت مرکزی بینک کے پاس وسیع پیمانے پر اختیارات ہیں جن کے تحت وہ بینکوں سے کوئی بھی معلومات طلب کرسکتا ہے۔
سٹی بینک/ تفصیلات
رینجرز کی سفارش، سٹیٹ بینک نے ڈاکٹر عاصم شعیب وارثی، زوہیر صدیقی، کامران ناگی کی بینکوں سے تفصیلات طلب کر لیں: ذرائع
Sep 13, 2015