مراد علی شاہ آبائی علاقے میں بغیر پروٹوکول گھومتے رہے‘ عید شاپنگ کی

دادو (نوائے وقت رپورٹ+ این این آئی) وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے اپنے آبائی علاقے بھان حیدر آباد کا دورہ کیا۔ نجی ٹی وی کے مطابق مراد علی شاہ بغیر پروٹوکول بازار میں گھومتے رہے۔ وزیراعلیٰ سندھ کے بازار سے اپنے لئے عید کی شاپنگ بھی کی۔ این این آئی کے مطابق سیہون شریف میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا ہے ڈیڑھ سال کا مختصر وقت ملا ہے اور چیلنجز بہت ہیں، انشاءاللہ جلد عوام سندھ حکومت کی کارکردگی دیکھے گی۔ سیہون شریف سے ہمیشہ پیپلز پارٹی نے الیکشن میں کامیابی حاصل کی ہے، انشاءاللہ 2018 ءمیں پی پی پورے ملک سے کامیابی حاصل کرے گی۔ انہوں نے کہا سیہون تحصیل میں پانی کی قلت کا نوٹس لیا ہے، مگر پانی قلت کا مسئلہ دادو کینال کی ری ماڈلنگ کرنے کے بعد ہی ختم ہو گا، سیہون میں لوڈشیڈنگ کے معاملے پر وزیر پانی و بجلی سے بات کروں گا مگر عوام سے اپیل ہے وہ اپنے بجلی کے بل ادا کرےں۔ انہوں نے کہا سندھ میں تعلیم اور صحت میں ایمرجنسی نافذ کی ہے اور اس پر ہر صورت میں عمل کرنا ہو گا، سیہون اور بھان سعیدآباد ہسپتالوں میں ڈاکٹرز کی قلت کا معاملہ بھی جلد حل ہو جائے گا۔ انہوں نے کہا عوام کے مسائل سے واقف ہوں، بھان سعیدآباد میں واٹر فلٹر پلانٹ لگا کر عوام کو صاف پانی مہیا کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا عید الاضحیٰ کے موقع پر سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں، پورے صوبے میں پولیس اور رینجرز اہلکار الرٹ ہیں۔ عیدالاضحیٰ کے موقع پر عوام کو ایڈوانس عید مبارک دیتا ہوں، عید الاضحیٰ کے بعد سندھ کابینہ کا اجلاس طلب کیا ہے جس میں سندھ بھر میں بھرتیوں سے پابندی ہٹائی جائے گی اور نوجوانوں کو میرٹ کی بنیاد پر نوکریاں دیں گے۔

ای پیپر دی نیشن