لاہور + اسلام آباد (خصوصی نامہ نگار + خبرنگار خوصی + نیوز ایجنسیاں) پاکستان کے سابق صدر اور پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمنٹرینز کے صدر آصف زرداری نے عیدالاضحی کے موقع پر ساری دنیا کے مسلمانوں کو بالعموم اور پاکستانی مسلمان بھائیوں اور بہنوں کو بالخصوص مبارکباد دی ہے۔ اپنے پیغام میں انہوں نے کہا آج کا دن ا ﷲکی راہ میں ہر قربانی کے لئے تیار رہنے کے عزم کے اظہار کا دن ہے۔ یہ دن ہمیں اپنے معاشرے کیلئے اپنی ذمہ داری اور اپنی خوشیوں میں غریبوں اور ناداروں کو شریک کرنے کا دن ہے۔ اسلام کا پیغام معاشرتی ہمواری اور مساوات کا پیغام ہے جس میںغریبوں اور ناداروں کے حقوق کی بات کی گئی ہے۔ ہماری یہ ذمہ داری بنتی ہے معاشرے کے ناداروں اور غریبوں کو اپنی خوشیوں میں شریک کریں اور اتحاد کا مظاہرہ کریں۔ ہمیں ان لوگوں کو ہر صورت میں اپنی خوشیوں میں شریک کرنا چاہیے جو دہشت گردی کے خلاف جنگ میں قربانیاں دے چکے ہیں۔ خصوصی نامہ نگار کے مطابق امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے قوم کو عید کی مبارک باد دیتے ہوئے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ پاکستان سمیت عالم اسلام آج جن مشکلات اور مسائل کا شکار ہے اس کے اصل ذمہ دار اس کے نااہل حکمران ہیں جو اغیار کی غلامی پر راضی ہوچکے ہیں اور امت کی سرپرستی کی بجائے اسلام دشمن قوتوں کے آلہ کار کا کردار ادا کررہے ہیں، عالمی استعمار نے مسلمانوں کے وسائل پر قبضہ کرنے کیلئے عالم اسلام پر جنگ مسلط کر رکھی ہے، ان حالات میں ضروری ہے عالم اسلام اپنے اختلافات ختم کرکے دشمن کی سازشوں کا مقابلہ کرنے کیلئے متحد ہوجائے، اسلام دشمن قوتوں نے امریکی سرپرستی میں عراق اور افغانستان کے لاکھوں مسلمانوں کا قتل عام کیا اور اب شام اور یمن میں مسلمانوں کا قتل عام جاری ہے، اسلامی دنیا کے مقبوضہ علاقوں فلسطین اور کشمیر کے مسلمان 70سال سے آزادی کیلئے قربانیاں پیش کررہے ہیں لیکن اقوام متحدہ اور عالمی امن کے نام نہاد چیمپیئن امریکہ سمیت کسی کے کان پر جوں تک نہیں رینگ رہی۔ امریکی سرپرستی سے بھارت علاقائی امن کیلئے خطرہ بن چکا ہے۔ امریکہ بھارت کو علاقے کا تھانیدار بنانے کیلئے خطے میں بے جا مداخلت کر رہا ہے، پاک چین اقتصادی راہداری کے خلاف بھارت اور امریکہ کا گٹھ جوڑ کھل کر سامنے آگیا ہے اور بلوچستان میں بھارتی تخریب کاری اور مودی کا بلوچستان کے متعلق بیان بھارت کے مکروہ عزائم کا واضح اعلان ہے۔ کوئٹہ، کراچی اور پشاورمیں دہشت گردی کے واقعات کے پیچھے بھارتی ہاتھ کے ناقابل تردید ثبوت سکیورٹی اداروںکے پاس موجود ہیں، خود حکمران بھی بھارتی عزائم سے آگاہ ہیں مگر اس کے باوجود قوم کی امنگوں کا خون کرتے ہوئے بھارت سے دوستی کی پینگیں بڑھائی جا رہی ہیں۔ حکمرانوں کی کرپشن اور لوٹ مار نے عام آدمی کے اعتماد کو بری طرح مجروح کیا ہے۔ پانامہ لیکس کی تحقیقات میں حکمران سب سے بڑی رکاوٹ بن چکے ہیں، لٹیروں سے ملک کو بچانے کیلئے تحریک پاکستان کی طرز پر ایک بڑی قومی تحریک برپا کرنا ہوگی۔ جے یو آئی کے سر براہ مولانا فضل الرحمان نے اپنے پیغام اور پارٹی رہنماﺅں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا جانوروں کی قر بانی امت کو قیمتی سے قیمتی چیز اللہ کی راہ میں قربان کرنے کا پیغام دیتی ہے قربانی کے عمل سے اللہ راضی ہوتے ہیں اس دن فرزندان توحید عید کے اجتماعات میں عالم اسلام خصوصاً پاکستان کے لیئے دعائیں کریں اللہ کرے یہ وطن عزیز ہمیشہ کے لئے بحرانوں سے آزاد ہو اور اسلام کے نفاذ کے راستے کی ساری رکاوٹیں دور ہو جائیں۔ مولانا امجد خان، مولانا یوسف، مولانا عبدالقیوم، اسلم غوری، حاجی شمس الرحمان، مفتی ابرار سے گفتگو کرتے ہوئے اسلامی احکامات کے سامنے انسانوں کے فلسفوں کی کوئی حیثیت نہیں۔ اسلامی احکامات پر عمل کر نے سے ہی مسلمان دنیا وآخرت میں کامیاب ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ دینی مدارس کو کھالیں جمع کر نے پر پابندی کے فیصلے پر کڑی تنقید کی اور حیرت کا اظہار کیااور کہا کہ دین کی خدمت کرنے والے ادارے عوام کے تعاون اور عید پر جانوروں کی کھالوں سے ہی اپنا نظام چلاتے ہیں حکومت کو ایسے غلط فیصلے کرنے سے اجتناب کرنا چاہیے انہوں نے کہا وزیراعلی پنجاب سے اس حوالے سے گفتگو کی ہے انہوں نے اس فیصلے کو مدارس کیلئے ختم کرنے کا عندیہ دیا ہے۔ ق لیگ کے صدر و سابق وزیراعظم چودھری شجاعت اور مونس الٰہی نے کہا ہے کہ حضور کا آخری خطبہ حج ہر دور میں مسلمانوں کیلئے مشعل راہ ہے، سنت ابراہیمی کی ادائیگی کے ساتھ پاکستان کیلئے کسی بھی قربانی سے دریغ نہ کرنے کا عہد کیا جائے، عید کی خوشیوں میں ہمیں شہداءوطن کے خاندانوں، غریبوں، مساکین اور دیگر مستحقین کو بھی یاد رکھنا چاہئے۔ امیر جماعتہ الدعوة پاکستان حافظ سعید نے اپنے پیغام میں کہا ہے عیدالاضحی مسلمانوں کو ایثاروقربانی کا درس دیتی ہے۔ مسلمان عید کی خوشیوں میں کشمیر، فلسطین ودنیا بھر کے دیگر خطوں کے مظلوم مسلمانوں کو ضرور یاد رکھیں۔ مسلمان حضرت ابراہیمؑ کی سیرت پر عمل کا عہد کریں، اپنی زندگی دین اسلام کے مطابق بسر کریں اور پاکستان کو درپیش اندرونی وبیرونی سازشوں کے مقابلہ کے لئے اتحاد، اخوت اور بھائی چارے کی فضا پیدا کرتے ہوئے جرات و استقامت کا راستہ اختیار کریں۔ پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہرالقادری نے اپنے پیغام میں کہا ہے عید کے ان مبارک لمحات میں اللہ رب العزت سے دلی دعا ہے وہ پاکستان کو امن اور خوشحالی کا گہوارہ بنائے، امت مسلمہ کو اتحاد ویکجہتی کی لڑی میں پروئے اور پاکستان کو اندرونی وبیرونی دشمنوں سے محفوظ رکھے۔
عید/پیغامات
اسلام مساوات کا پیغام اتحاد کا مظاہرہ کریں : آصف زرداری‘ بھارت امن کیلئے خطرہ بن چکا : سراج الحق
Sep 13, 2016