کابل (رائٹرز+نوائے وقت رپورٹ) 2 مسلح افراد نے جنوبی افغان شہر قندھار کے ہسپتال میں گھس گئے۔ سکیورٹی فورسز سے جھڑپ میں ایک مارا گیا۔ حکام کا کہنا ہے ابھی واضح نہیں حملہ آوروں کا تعلق کس گروپ سے ہے۔ صوبائی گورنر کے ترجمان نے بتایا میرو میں ہسپتال میں جنگ سے متاثر ہونے والے فوجیوں اور پولیس اہلکاروں کا علاج کیا جاتا ہے۔ ادھر عید پر پیغام میں صدر اشرف غنی نے کہا حزب اسلامی کے کمانڈر گلبدین حکمت یار کے ساتھ امن معاہدے پر دستخط کرنے والے ہیں۔ اگر معاہدہ ہو گیا تو امن کی طرف قدم غنی کیلئے علامتی فتح ہوگی۔ انہوں نے کہا امید ہے ملک میں جنگ ختم اور امن بحال ہوگا۔ جلد حتمی شکل دیدی جائے گی۔ غیرملکی خبررساں ایجنسی کے نمائندے نے معاہدے کامسودہ دیکھا ہے جس کے تحت حزب اسلامی کے قیدی رہا کئے جائیں گے اور اسے قانونی استثنیٰ مل جائے گا۔ادھر امن کونسل کے ترجمان نے دعویٰ کیا افغان حکومت اور گلبدین حکمت یار کی حزب اسلامی میں حتمی امن معاہدہ طے پا چکا ہے۔ حزب اسلامی سے امن معاہدے پر دستخط عید تعطیلات کی وجہ سے مؤخر کئے گئے ہیں۔