دبئی (اے ایف پی) گلف کوآپریشن کونسل قطر‘ یو اے ای نے امریکی کانگریس کی جانب سے نائن الیون حملوں میں مرنیوالوں کے رشتہ داروں کو سعودی حکومت کے خلاف مقدمہ کرنے کی اجازت دینے کا قانون منظور کئے جانے کی شدید مذمت کی ہے۔ 6 ملکی کونسل کے سربراہ نے کہا کہ یہ قانون ریاستوں کے درمیان تعلقات کی بنیاد اور اصولوں اور ریاست کی خود مختاری کیخلاف ہے۔ سیکرٹری جنرل عبداللطیف الزایانی نے کہا یہ قانون دہشت گردی کے خاتمے کیلئے عالمی کوششوں اور تعاون پر منفی اثرات مرتب کریگا۔ امریکی ایوان نمائندگان نے جمعہ کے روز ’’جسٹس اگینسٹ سپانسرز آف ٹیررزم‘‘ (جاسٹا) کے نام سے یہ قانون منظور کیا تھا تاہم وائٹ ہائوس نے اس قانون کو ویٹو کرنے کی دھمکی دی ہے۔ امریکی سینٹ بھی نائن الیون متاثرین کو سعودی عرب پر مقدمہ کا اختیار دے چکی ہے۔