امریکہ تعلقات کوافغان معاملات سے نہ جوڑے: وزیراعظم

اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ + آن لائن) وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے بین الاقوامی ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت نواز شریف کے شروع کئے گئے اقدامات کو مکمل کرے گی۔ پاک امریکہ تعلقات افغان معاملات سے نہیں جوڑنے چاہئیں، ہم نے دہشت گردوں کی پناہ گاہیں تباہ کیں۔ سیاسی، معاشی اور سکیورٹی چیلنجز پر قابو پا رہے ہیں۔ افغانستان میں بھی دہشت گردوں کی پناہ گاہیں ختم کرنے کے اقدامات کرنا ہوں گے۔ دہشت گردوں کیخلاف جنگ میں پاکستان نے سب سے زیادہ کردار ادا کیا۔ یہ تاثر غلط ہے کہ افغانستان میں عدم استحکام کا ذمہ دار پاکستان ہے۔ افغانستان میں عدم استحکام سے پاکستان سب سے زیادہ متاثر ہوا۔ افغانستان اپنے مسائل خود حل کرے، ہم مدد کرسکتے ہیں۔ حکومت اپنی مدت مکمل کرے گی جس سے جمہوریت مضبوط ہوگی۔ دہشت گردی کو شکست دی میرانشاہ جاکر دیکھا جاسکتا ہے۔ وقت کے ساتھ چیزیں بہتر ہوجائیں گی۔ خطے میں پاکستان سے زیادہ امن کا خواہاں کوئی نہیں، پاکستان کے ساتھ دیگر ممالک کو بھی اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔ ٹیکس کا دائرہ کار بڑھانے پر کام کررہے ہیں۔ دہشت گردوں کی موجودہ قیادت افغانستان میں چھپی ہوئی ہے۔ دہشت گردی کیخلاف امریکہ کے ساتھ مل کر کام کرنا چاہتے ہیں۔ امریکہ کو کوئی خدشات ہیں تو پاکستان کے ساتھ بات کرے۔ محفوظ پناہ گاہوں سے متعلق کسی بھی قسم کی تصدیق کیلئے تیار ہیں۔ پاکستان افراتفری پھیلانے والے عناصر سے لڑ رہا ہے۔ پاکستان اور افغانستان برادر ملک ہیں، پاکستانی روپے کی قدر میں کمی کا پروگرام نہیں۔ اس حکومت نے آئی ایم ایف پروگرام کامیابی سے مکمل کیا۔ مستقبل میں آئی ایم ایف کا کوئی پروگرام نہیں دیکھ رہا۔ دہشت گردی کے خاتمے میں پاکستان نے صلاحیت سے بڑھ کر کام کیا۔ دہشت گردی کے خاتمے کی جنگ میں اتحادیوں کا وقار مجروح نہیں کیا جاسکتا۔ آن لائن کے مطابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے ارکان قومی اسمبلی کو ہدایت کی ہے کہ عوام کے تمام مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائیں۔ منگل کے روز وزیراعظم شاہد خاقان عباسی سے گوجرنوالہ سمیت دیگر ارکان قومی اسمبلی نے وزیراعظم ہاؤس میں ملاقات کی اور اپنے اپنے حلقوں میں جاری ترقیاتی منصوبوں اور مسائل سے وزیراعظم کو آگاہ کیا۔ اس موقع پر شاہد خاقان عباسی نے ارکان کو ہدایت کی کے عوام کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے اور انہیں سہولیات فراہم کرنے کے حوالے سے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں۔ انہوںنے کہا کہ عوام سے رابطوں کو موثر بنا کر ان کی مشکلات کو سُنا جائے۔ شاہد خاقان عباسی نے ارکان کے ترقیاتی منصوبوں کے تحفظات کے جواب میں کہا کہ ترقیاتی منصوبوں بروقت تکمیل حکومت کی ترجیح ہے۔ اے ایف پی کے مطابق پاکستان نے کہا ہے امریکہ نے افغانستان پر مطالبات کی فہرست نہیں دی۔ اسلام آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا پاکستان کو ابھی تک مخصوص دہشت گردوں کو ٹارگٹ کرنے کے حوالے سے کوئی مخصوص درخواست نہیں ملی۔
وزیراعظم

ای پیپر دی نیشن