سعودی عرب میں دھڑ جڑے پاکستانی بچیوں کو آپریشن کرکے علیحدہ کر دیا

Sep 13, 2017

اسلام آباد (صباح نیوز) سعودی عرب میں دھڑ جڑے پاکستانی بچیوں کا کامیاب آپریشن کرکے علیحدہ کر دیا گیا، اب تک 40 سے زائد آپریشن کر کے دھڑ جڑے بچوں کو علیحدہ کیا گیا، اس طرح کے دنیا میں سب سے زیادہ آپریشن سعودی عرب میں کئے گئے، بچیوں کا تعلق خیبرپی کے سے ہے، علاج پر 85 لاکھ روپے سے زیادہ خرچ آیا تمام اخراجات سعودی حکومت نے برداشت کئے۔ تفصیلات کے مطابق گذشتہ روز سعودی سفارت خانہ میں پاکستانی جڑواں بچیوں فاطمہ‘ مشاعل کی علیحدگی کے لئے کئے جانے والے کامیاب آپریشن کی خوشی میں تقریب ہوئی۔ تقریب میں سعودی سفیر نواف بن سعید المالکی‘ بچیوں کے والد نثار خان اور والدہ بھی موجود تھیں۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سعودی سفیر نواف بن سعید المالکی نے کہا کہ ان بچیوں کو ان کے والدین کے ہمراہ خادم حرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز کے مہمان خصوصی کے طور پر ریاض لایا گیا‘ وہاں ان بچیوں کو شاہ عبدالعزیز شہر کے ہسپتال میں داخل کیا گیا جہاں پر ڈاکٹروں نے پانچ گھنٹے مسلسل جاری آپریشن کے بعد دونوں کو علیحدہ کیا۔ اب تک سعودی عرب میں جڑواں بچوں کو علیحدہ کرنے کے 40 سے زائد آپریشن ہو چکے ہیں‘ یہ تعداد دنیا میں کسی بھی ملک میں ہونے والے اس قسم کے آپریشن سے زیادہ ہے۔ اس کا آپریشن کرنے کی سہولیات بہت کم ممالک میں ہیں۔ اس طرح کے ایک آپریشن پر خرچ تقریباً 3 لاکھ سعودی ریال جو کہ پاکستانی 85 لاکھ روپے بنتے ہیں۔ اس قسم کے آپریشن شاہ سلمان کی ہدایت پر کئے جاتے ہیں‘ آپریشن کرنے والی ٹیم میں 70 ڈاکٹرز اور تکنیکی افراد شامل ہیں‘ ان کی قیادت سابق وزیر صحت ڈاکٹر عبداللہ الربیعہ کرتے ہیں یہ آپریشن پاکستان سعودی عرب دوستی کی واضح مثال ہے۔ تقریب سے بچیوں کے والد نثار خان نے سعودی حکومت، عوام اور ڈاکٹروں کا شکریہ ادا کیا جن سے بچیاں زندہ ہیں۔

مزیدخبریں