لاہور (خصوصی نامہ نگار) قومی اسمبلی کے حلقہ این اے120سے امیدوار محمد یعقوب شیخ نے کہا کہ ہم محب وطن ووٹر ز کو سیاسی پنڈتوں سے بچانے کے لئے آئے ہیں۔ 17 ستمبر کی شام حق کی فتح اور مودی سے دوستیاں نبھانے والوں کی شکست ہو گی۔ حکمرانوں نے ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی رہائی اور کشمیر کی آزادی کے لئے کوئی اقدامات نہیں کئے۔ ہم مفادات کی سیاست کا خاتمہ اور ملکی مفاد کے لئے کام کریں گے۔ این اے120میں ابلتے گٹر،گندی نالیاں نااہل حکمرانوں کی نااہلی کی واضح دلیل ہے۔ 17 ستمبر کو انرجی سیور پر مہر لگا کر ملک سے غربت، بدامنی ،بے روزگاری کے خاتمے کے لئے ہمارا ساتھ دیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے انار کلی، اسلام پورہ، بند روڈ پر کارنر میٹنگز، جلسوں و ڈور ٹو ڈور مہم کے دوران خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر سیاسی ،مذہبی و سماجی جماعتوں کے رہنمائوں حافظ عبدالرحمان مکی، سیف اللہ خالد،ہشام الٰہی ظہیر، مولانا امیر حمزہ، حافظ طلحہ سعید،حافظ شفیق الرحمان، ریاض احمد احسان،رانا محمد اشفاق و دیگر نے بھی خطاب کیا۔ پرانی انار کلی میں امیدوار محمد یعقوب شیخ کی آمد پر بھرپور استقبال کیا گیا اور پھولوں کی پتیاں نچھاور کی گئیں۔ بند روڈ پر انتخابی جلسہ میں مقامی افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی‘ یعقوب شیخ کی حمایت کااعلان کیا۔ علاوہ ازیں حلقہ این اے 120 میں بسنے والی ہندو، مسیحی و اقلیتی برادری نے امیدوار محمد یعقوب شیخ کی حمایت کا اعلان کیا۔
ہم محب وطن ووٹرز کو سیاسی پنڈتوں سے بچانے کیلئے آئے ہیں: یعقوب شیخ
Sep 13, 2017