اسلام آباد (سٹاف رپورٹر) ترجمان دفتر خارجہ نے عالمی برادری اور اقوام متحدہ پر زور دیا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں بدترین مظالم روا رکھنے پر بھارت کا محاسبہ کیا جائے۔ ترجمان نفیس زکریا نےمنگل کو یہاں اپنے ”ٹویٹ“ میں کہا کہ بھارتی افواج کی طرف سے جنگ بندی کی خلاف ورزی کرتے ہوئے شام پانچ بجے راولاکوٹ سیکٹر میں لائن آف کنٹرول پر بلا اشتعال فائرنگ جس کے نتیجے میں ایک خاتون سمیت چار شہری شدید زخمی ہوگئے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کی طرف سے جان بوجھ کر اور بلا اشتعال فائرنگ سے شہریوں کو نشانہ بنانا قابل مذمت ہے۔ بھارتی اقدامات خطے کے امن کے لئے خطرہ ہیں۔