اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) سینیٹ قائمہ کمیٹی کامرس اینڈ ٹیکسٹائل انڈسٹری کے چیئرمین سینیٹر سید شبلی فراز نے تجارت اور ٹیکسٹائل انڈسٹری کی وزارتوں کو ہدایت دی ہے کہ معیشت کوپائیداربنیادوں پر استوار کرنے کے لیے نئے اقدامات کی ضرورت ہے۔کمےٹی کے اجلاس میں تجارتی خسارے اور ٹی ڈیپ کے بارے میں وزارت کامرس اور وزارت ٹیکسٹائل انڈسٹری سے بریفنگ لی گئی۔ چےرمےن نے کہا کہ جب تک قومی صنعتی پالیسی نہیں ہوگی تو پاک چین اقتصادی راہداری جیسے بڑے منصوبے سے فوائد کیسے حاصل کیے جاسکیں گے۔ ایگزیم بنک کا معاملہ ابھی تک زیر التواءہے ۔ ٹی ڈیپ آنکھ اوجھل پہاڑ اوجھل والا معاملہ ہوچکا ۔مرکزی دفتر اسلام آباد منتقل کیا جائے۔ وزارتوں کوجدید تقاضوں کے تحت نئے سرے سے مضبوط بنانا ہوگا۔ زراعت ، صنعت اور فارماسیٹیکل شعبے کے بارے میں وژن کی ضرورت ہے۔ ایکسپورٹس میں کمی اور امپورٹس میں اضافہ ملک اور وزارتوں کے لیے چیلنج ہے۔ آئی ٹی سافٹ ویئر کی تنصیب کے بارے میں ماہانہ تفصیلات دی جائیں ۔ ڈی جی ٹی او کے بارے میں شکایات کا ازالہ کیا جائے۔ ٹی ڈیپ بھی مسائل کا شکار ہے۔ ٹی ڈیپ کو بین الاقوامی مارکیٹ کا مقابلہ کرنے کے لیے کم قیمت لیکن معیاری مصنوعات پر توجہ دینی ہوگی۔ وفاقی وزیر تجارت پرویز ملک نے کہا کہ معیشت برے حالات سے گزر رہی ہے برآمدات مسلسل کم ہورہی ہیں تجارتی خسارہ بڑھ رہا ہے ۔ وزارت تجارت کو مستقل بنیادوں پر چلانے کی ضرورت ہے۔ اداروں میں صحیح لوگوں کو تعینات کیا جائے گا۔ اگست میں دو ارب کی ایکسپورٹ میں اضافہ کیا گیا ۔ قائمہ کمیٹی کے ساتھ ملکر کردار ادا کریں گے۔ سینیٹر سلیم مانڈوی والا نے وزیرا عظم پیکج پر عملدرآمد نہ ہونے ریفنڈ کی عدم واپسی اور ایکسپورٹس میں کمی پر کہا کہ سرمایہ کاروں کو ریفنڈ واپس نہیں کیے جارہے اور نہ ہی ایکسپورٹس بڑھانے کے اقدامات اٹھائے جارہے ہیں۔ بنیادی مسائل پر توجہ نہیں ۔ 2016-17کے فنانس بل میں مخصوص کمپنیوں کو غیر ضروری رعاتیں دی گئیں۔ٹی ڈیپ غیر فعال ہوچکا اس ادارے کو بند کردینا چاہیے۔ سینیٹر الیاس بلور نے کہا کہ ایکسپورٹس کم ہوتی جارہی ہیں ۔حکومت نے صنعتوں کے لیے گیس اور بجلی کی قیمت بڑھادی ہے اور بجلی فی یونٹ 13روپے ہے۔ بجلی اور گیس کے ریٹ کم کیے جائیں تو ایکسپورٹ بڑھ سکتی ہے۔ سرمایہ کاروں کو ریفنڈ بروقت واپس کیے جائیں ۔ سیکرٹری کامرس نے بتایا کہ پچھلے تین ماہ سے ایکسپورٹس مسلسل بڑھ رہی ہے۔
ٹی ڈیپ ”آنکھ اوجھل پہاڑ اوجھل“ والا معاملہ بن چکا‘ شبلی فراز
Sep 13, 2017