لاہور (وقائع نگار خصوصی) ہائیکورٹ نے کم عمر افراد اور بچوں پر ڈرائیونگ پر پابندی کے قانون پر سختی سے عملدرآمد کرنے کا حکم دے دیا اور ہدایت کی کہ کم عمر ڈرائیونگ کرنے والوں کے سرپرست سے آئندہ خلاف ورزی نہ کرنے کی ضمانت لی جائے۔ عدالت نے قرار دیا کہ 18سال سے کم عمر بچے چنگ چی رکشہ، گاڑی، موٹر سائیکل نہیں چلاسکتے۔ جسٹس علی اکبر قریشی نے ٹریفک رولز پر عمل نہ ہونے کیخلاف دائر درخواست پر سماعت کی۔ عدالتی حکم پر چیف ٹریفک افسر عدالت میں پیش ہوئے۔ ہائیکورٹ نے واضح کیا کہ ٹریفک قوانین کے تحت کوئی کم عمر ڈرائیونگ نہیں کر سکتا۔ عدالت نے ہدایت کی کہ کم عمر ڈرائیورز کے والدین کو پہلے مرحلے میں طلب کرکے بیان حلفی لیا جائے اور بیان حلفی کی خلاف ورزی کرنے والے والدین کیخلاف کارروائی کی جائے۔ ہائیکورٹ نے ہیلمٹ پہننے کی پابندی پر عمل درآمد کرانے کی بھی ہدایت کی اور نشاندہی کی کہ بنگلہ دیش میں ہیلمٹ استعمال نہ کرنے والے کو پٹرول نہیں دیا جاتا۔ سی ٹی او نے بتایا کہ سگنل پر جگہ جگہ بھکاری کھڑے ہوتے ہیں۔ ہائیکورٹ نے درخواست پر کارروائی آج تک ملتوی کرتے ہوئے ڈی جی ویلفیئر کو ذاتی حثیت میں طلب کر لیا ہے۔
بچوں کی ڈرائیونگ ‘ قانون کی خلاف ورزی پر والدین کے خلاف کارروائی ہو گی: ہائیکورٹ
Sep 13, 2018