بھارتی فوج کے ہاتھوں شہید2 نوجوان‘ سکالر سپرد خاک‘ مظالم کے خلاف کل ہڑتال ہو گی

سرینگر(اے این این ) مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کے ہاتھوں شہید دو نوجوان اور کشمیری سکالرکو سپرد خاک کردیا گیا۔حریت قیادت کا کل ہڑتال کا اعلان ۔وادی کے کئی علاقوں میں پر تشدد مظاہرے اور ہڑتال،تعلیمی ادارے بند ،موبائل اور انٹر نیٹ سروس معطل ،جموں سری نگر ہائی وے پر فوج کی گشتی پارٹی پر حملہ کیا گیا ،ایک اہلکار زخمی ہوگیا۔تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز بھارتی فوج ،پولیس اور پیرا ملٹری فورسز نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے لنگیٹ کے علاقے گلورہ میں دو نوجوانوں کو شہید کر دیا تھا۔مارے جانے والوں کی شناخت فرقان اور لیاقت احمد لون کے ناموں سے ہوئی تھی۔دونوں کومقامی قبرستان میں سپرد خاک کیا گیا ۔تدفین کے بعد لوگوں کی بڑی تعداد سڑکوں پر نکل آئی اور احتجاجی مظاہرے کئے اس دوران بھارتی فورسز کے ساتھ تصادم بھی ہوا تاہم کسی کے زخمی ہونے کی اطلاع نہیں ملی۔ان شہادتوں کے خلاف اور ہندوارہ ،لنگیٹ ،کرالہ اور سوپور میں جاں بحق جنگجوئوں کی ہلاکت پر ہڑتال رہی ۔ہڑتال کے دوران شمالی کشمیر کے ان علاقوں میں دکانات ،کاروباری ادارے اور تجارتی مرکز بند رہے جبکہ انتظامیہ کی ہدایت پر تعلیمی اداروں میں درس وتدریس کا عمل معطل رکھا گیا ۔انتظامیہ نے ہند وارہ ،لنگیٹ ،کرالہ گنڈ اور سوپور میں موبائل انٹر نیٹ خدمات بھی معطل رکھیں ۔ ہلاکت کے بعد ہندوارہ ،کرالہ گنڈ اور سوپور میں بعض علاقوں میں پرتشدد احتجاجی مظاہرے بھی ہوئے ۔ نوجوانوں کی ٹولیاں سڑکوں پر نمودار ہوئیں ،جنہوں نے احتجاجی مظاہروں کے دوران مشتعل ہو کر فورسز اہلکاروں پر پتھرائو کیا ۔جوابی کارروائی میں فورسزاہلکاروں نے ٹیر گیس شلنگ کی ،جس ساتھ یہاں کئی علاقوں میں تشدد بھڑک اٹھا ۔مشتعل مظاہرین اور فورسز کے درمیان جھڑپوں کا سلسلہ کئی گھنٹوں تک جاری رہا۔ادھر متحدہ جہاد کونسل چیئرمین اور حزب المجاہدین سربراہ نے متحدہ جہاد کونسل کے ایک اعلی سطحی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ جو عناصر دانستہ یا غیر دانستہ سوشل میڈیا یا دیگر درائع سے مخلص قیادت اور کارکنوں کے حوالے سے شکوک و شہبات پیدا کرنے کی مذموم پروپیگنڈا کر رہے ہیں وہ تحریک کو ناقابل تلافی نقصان پہنچا رہے ہیں، جو ایک ناقابل معافی جرم ہے۔ انہوں نے حریت پسند عوام سے اپیل کی ہے کہ ایسے عناصر کی حوصلہ شکنی کریں، بے داغ، مخلص اور مسلمہ قیادت پر بھرپور اعتماد رکھ کر تحریکی صفوں میں کامل یکجہتی اور اتحاد قائم رکھیں اور ہر انتشاری کوشش کو ناکام کریں۔ سید صلاح الدین نے کہا کہ مصدقہ اطلاعات کے مطابق بھارتی ایجنسیوں نے بدنام زمانہ اخوان اور کوکہ پرے کے طرز پر نئے زرخرید کھلاڑیوں کو میڈیا، سوشل میڈیا اور میدان میں اتار کر تحریکی کارکنوں کو نشانہ بنانے کا سلسلہ شروع کر رکھا ہے۔ ادھر امیر آباد ترال کو فورسز نے کئی گھنٹوں تک محاصرے میں لے کرگھر گھر تلاشیاں لیں۔ ادھر جنوبی قصبہ ترال کے امیر آباد گائوں کا محاصرہ کرکے تلاشی کارروائی عمل میں لائی گئی ۔تلاشی کارروائی کا یہ عمل کئی گھنٹوں تک جاری رہا ،تاہم اس دوران جنگجوئوں اور فوج وفورسز کے درمیان آمنا سامنا نہیں ہوا۔کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین سید علی گیلانی نے اقوامِ متحدہ کے انسانی حقوق کمیشن کی ہائی کمشنر میچیلی بیچھی لیٹکی طرف سے مقبوضہ علاقے میں انسانی حقوق کی بدترین پامالیوں کا نوٹس کے اقدام کو سراہے ہوئے کہا ہے کہ نہتے کشمیریوں کو بھارتی فورسز کے مظالم سے نجات دلانے کیلئے مسئلہ کشمیر کا عالمی ادارے کی پاس کردہ شدہ قراردادوں کے مطابق حل ناگزیر ہے۔میر واعظ عمر فاروق نے بھی میچیلی بیچھ لیٹکے بیان کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا جموںوکشمیر اس وقت دنیا کا بڑا فوجی جمائو والا خطہ ہے اور کشمیریوں کو قابض بھارتی فورسز کی طرف سے قتل و غارت ، گرفتاریوں اور تشدد کا بڑے پیمانے پر سامنا ہے۔اے پی پی کے مطابق انسانی حقوق کی عالمی تنظیم ایمنسٹی انٹرنیشنل نے کہاہے کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی حکام کی طرف سے صحافیوں کو ہراساں اور انہیں بلا جواز قید کرنے سے اظہار رائے کی آزادی کو خطرہ لاحق ہے۔ سینئر عہدیدار ظہور وانی نے بیان میںکہا ایمنسٹی انٹرنیشنل سمجھتی ہے کہ کشمیری صحافی آصف سلطان کی گرفتاری کیلئے ان پر عائد کئے گئے الزامات بے بنیاد اور سیاسی نوعیت کے ہیں جو کہ کشمیرمیں اظہار رائے کی آزادی کو سلب کرنے کی کوششوں کاحصہ ہیں۔

ای پیپر دی نیشن

آج کی شخصیت۔۔۔۔ جبار مرزا 

جب آپ کبھی کسی کے لیے بہت کچھ کہنا چاہ رہے ہوتے ہیں لفظ کہیں بھاگ جاتے ہیں ہمیں کوئی ایسے الفظ ملتے ہی نہیں جو اس شخصیت پر کہہ ...