اسلام آباد (خصوصی نمائندہ) الیکشن کمشن نے بے لگام انتخابی اخراجات کی تحقیقات سے متعلق درخواست پر اعتراض لگاتے ہوئے فاروق ستار کو نئی درخواست دائر کرنے کی ہدایت کر دی۔بدھ کو الیکشن کمشن میں انتخابات میں یکساں مواقع فراہم کرنے اور بے لگام انتخابی اخراجات کی تحقیقات سے متعلق کیس کی سماعت ممبر سندھ عبدالغفار سومرو اور الطاف ابراہیم قریشی پر مشتمل دو رکنی کمشن نے کی،ممبر پنجاب نے کہا کہ فاروق ستار کی درخواست درست طریقے سے ڈرافٹ نہیں کی گئی، فاروق ستار نے کہا کہ اس درخواست کی بڑی اہمیت ہے،آئین کا آرٹیکل 218 الیکشن کمشن کو شفاف الیکشن کرانے کا اختیار دیتا ہے، امیدواران کی پشت پر بڑی سیاسی جماعتیں اربوں روپے خرچ کرتی ہیں، پیسے کی طاقت سے ووٹ خریدے جاتے ہیں،2018کے انتخابات میں پیسے سے ووٹ خریدے گئے،ایسے انتخابات سے کیسی جمہوریت قائم ہو گی،ممبر پنجاب نے کہا کہ ثابت کیسے کریں گے کہ امیدوار نے پیسے کا استعمال کیا،اب آپ کی جماعت حکومت میں ہے، قانون سازی کریں، آپ اپنی درخواست میں مخصوص حلقوں کی نشاندہی کریں، جنرل بات نہ کریں،فاروق ستار نے کہا کہ پیمرا اور پی بی اے سے سیاسی جماعتوں کے اشتہارات کی تفصیل منگوائی جائے،ممبر پنجاب نے کہا کہ امیدوار کہتے ہیں کہ اشتہارات کا خرچہ ہمارے چاہنے والے کرتے ہیں، الیکشن کمشن نے فاروق ستار کی درخواست پر اعتراض لگا دیا۔
بے لگام انتخابی اخراجات‘ فاروق ستار کو نئی درخواست دائر کرنے کی ہدایت ‘آپ کی جما عت میں ہے قانون سازی کریں‘ممبر پنجاب الیکشن کمشن
Sep 13, 2018