شاہ کوٹ(نامہ نگار)اشارے پر بس نہ روکنے کی پاداش میں مقامی کالج کے طلبا نے کنڈکٹر کو مار مار کر ادھ موا کر دیا اور فرار ہو گئے۔ ٹرانسپورٹرز نے زخمی کنڈکٹر علی کو سڑک کے درمیان لٹا کر ایک گھنٹہ تک مین جی ٹی روڈ بلاک کئے رکھا سڑک کے دونوں اطراف گاڑیوں کی لمبی لائنیں لگ گئیں، عوام کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ بتایا گیا کہ نجی کمپنی کی بس نمبر8022فیصل آباد سے سیالکوٹ کی جا رہی تھی کہ گورنمنٹ ڈگری کالج فار بوائز کے طلبا نے اسے ہاتھ کے اشارے سے رکنے کا کہا دیر سے رکنے پر بس کنڈکٹر محمد علی کو بس سے زبردستی اتار لیا اور سڑک پر لٹا کر وحشیانہ تشدد کا نشانہ بنایا اور فرار ہو گئے جس پر ٹرانسپورٹر تنظیموں نے مین جی ٹی روڈ بلاک کر دیا۔ بعدازاں مقامی انتظامیہ کی طرف سے غنڈہ گرد عناصر کے خلاف کارروائی کی یقین دہانی پر ٹریفک کی روانی کو بحال کر دیا گیا۔
شاہ کوٹ: اشارے پر بس نہ روکنے کی پاداش میں طلبا کا کنڈکٹر پر وحشیانہ تشدد
Sep 13, 2018