بیگم کلثوم نواز کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے آزاد جموں وکشمیر کابینہ کا خصوصی اجلاس

Sep 13, 2018

مظفرآباد (صباح نیوز) سابق خاتون اول کلثوم نواز کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے آزاد جموں وکشمیر کابینہ کا خصوصی اجلاس وزیراعظم راجہ فاروق حیدر خان کی صدارت میں ہوا۔ اجلاس میںوزراء حکومت چوہدری طارق فاروق، راجہ نثار خان، سردار میر اکبر خان، نورین عارف، ڈاکٹر نجیب نقی خان، راجہ عبدالقیوم خان، شوکت شاہ، بیرسٹر افتخار گیلانی، چوہدری جاوید اختر، کرنل(ر)وقار نور، چوہدری اسحاق چوہدری رخسار اور مشیر حکومت چوہدری شہزاد نے شرکت کی۔اجلاس میںمتفقہ طورپر فیصلہ کیا گیا کہ آزادکشمیر بھر میں کلثوم نواز کی وفات پر سرکاری سطح پر تین روزہ سوگ منایا جائے گا۔ اس دوران محکمہ اوقاف کے زیر اہتمام مساجد میں خصوصی قرآن خوانی اور دعائیہ تقاریب کا انعقاد کیا جائے گا اور کلثوم نواز کی جمہوریت کی بحالی، آئین و قانون کی بالادستی اور عوام کا حق حکمرانی بحال کرنے کیلئے کی جانے والی جدوجہد پر انہیں خراج عقیدت پیش کیا جائے گا۔ اس حوالہ سے کابینہ اجلاس میں متفقہ طور پر قرارداد بھی پاس کی گئی جس میں کہا گیا کہ کابینہ کا یہ اجلاس سابق خاتون اول کلثوم نواز شریف کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتا ہے۔

مزیدخبریں