لاہور(اسپورٹس رپورٹر) اسٹریٹ چلڈرن کے بعد اب ایک اور قومی ٹیم کو فٹبال ورلڈکپ میں شرکت کا موقع مل گیا۔انٹرنیشنل سوکا ورلڈکپ 23سے 29ستمبر تک پرتگال کے شہر لزبن میں ہورہا ہے جس میں لاہور کے نوجوانوں پر مشتمل پاکستانی ٹیم بھی شرکت کررہی ہے، قومی سوکا ٹیم آفاق احمد کی قیادت میں سکس اے سائیڈ ورلڈ کپ میں شرکت کے لیے 21ستمبر کو کراچی سے لزبن پرتگال روانہ ہوگی۔اسکواڈ میں عبدالحنان، سمیر، ظفر خان، زاہد محمود، ولید جمال، حیدر علی، عامر گوندل، سعد علی، عمر جاوید، عالمگیر، کاشف، محمد زوہیب اور زیبیع اللہ وڑائچ شامل ہیں۔ کھلاڑیوں کا کہنا ہے کہ کبھی سوچا بھی نہیں تھا کہ ہمیں بھی ورلڈکپ میں پاکستان کی نمائندگی کرنے کا موقع ملے گا، 2 ماہ سے کیمپ میں بھرپور تیاری کررہے ہیں اور خواہش ہے کہ فائنل تک رسائی پانے کے بعد ٹرافی کے ساتھ وطن لوٹیں۔ کوچ طارق لطفی نے اس پلیٹ فارم کو ان نوجوان فٹبالرز کے لیے خود کو منوانے کا بہترین موقع قرار دیا اور امید ظاہر کی کہ جس طرح سخت حبس کیموسم میں ان لڑکوں نے محنت کی ہے، اس کو دیکھ کر رزلٹ بھی اچھا آئے گا۔منی فٹبال ورلڈکپ کے نام سے مشہور اس ایونٹ کے لیے لاہوری نوجوانوں کا انتخاب اس کوالیفائنگ مرحلے میں ہوا ہے جس میں لیزر لیگس کی طرف سے 3 ماہ پہلے ملک کے مختلف شہروں میں میچز کرائے گئے۔ فائنل میں سنسنی خیز مقابلے کے بعد لاہور نے پشاور کو شکست دی اور نیشنل چیمپئن بن کر پرتگال کا ٹکٹ پایا۔