حلفا کہتا ہوں انضمام الحق نے بیٹے کی سلیکشن کے حوالے سے فون نہیں کیا،باسط علی

لاہور(اسپورٹس رپورٹر )جونیئر سلیکشن کمیٹی کے چیئرمین باسط علی نے کہاہے کہ انضمام الحق نے اپنے بیٹے کی سلیکشن کے حوالے سے انہیں فون نہیں کیا،باسط علی نے ان خبروں کو من گھڑت قرار دیا جن میں دعوی کیا گیا ہے کہ انہوں نے کسی سابق کرکٹر سے فون پر بات کی اور کہا کہ انضمام الحق نے اپنے بیٹے کی انڈر 19 ٹیم میں سلیکشن نہ ہونے کے حوالے سے بات کی۔چیئرمین جونئیر سلیکشن کمیٹی نے کہا کہ میں حلفا کہتا ہوں کہ چیف سلیکٹر انضمام الحق نے اپنے بیٹے کی سلیکشن کے حوالے سے مجھے فون نہیں کیا ،ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ اگر یہ ثابت ہو جائے کہ میں غلط ہوں اور میں نے کسی سے بات کی ہے تو مجھے کسی بھی گراونڈ پر لٹکا دیا جائے ۔اس معاملے پر قومی ٹیم کے چیف سلیکٹر انضمام الحق نے کہا کہ بیٹے کی سفارش کا مطلب ہے کہ میں عہدے سے انصاف نہیں کر رہا ، ان کا مزید کہنا تھا کہ معاملے کی تحقیقات ہونی چاہیے، اگر میں نے بیٹے کی سفارش کی تو مجھے اپنے عہدے پر رہنے کا کوئی حق نہیں ہے۔

ای پیپر دی نیشن