ڈیم فنڈ پر اعتراض کرنے والے پہلے ذرا اپنے گریبانوں میں جھانک لیں، راجہ راشد حفیظ

راولپنڈی (نیوزرپورٹر) پنجاب کے وزیر خواندگی و غیر رسمی بنیادی تعلیم راجہ راشد حفیظ نے کہا ہے کہ ’’ قرض اتارو، ملک سنوارو‘‘ کے نام پر قوم سے اربوں روپے کی بھیک لے کر فراڈ کرنے والوں کے حامی آج وزیر اعظم اور چیف جسٹس کے ڈیم فنڈپر تنقید کر رہے ہیں ۔ یہ فنڈعوام کی امانت ہو گا جو صرف اور صرف ڈیموں کی تعمیر پر ہی خرچ ہوگا اور اس کا حشر ’’قرض اتارو ، ملک سنوارو ‘‘ جیسا ہر گز نہیں ہوگا۔ تحریک انصاف کے کارکنوں سے اپنے دفتر میں بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا ابھی تحریک انصاف کی حکومت نے نواز شریف حکومت کے ’’قرض اتارو ، ملک سنوارو ‘‘ جیسے میگا فراڈ کا بھی حساب لینا ہے جس میں غریب عوام نے اپنے منہ کا نوالہ نکال کر نواز شریف کو چندہ دیا تھا جن کے حواری آج ڈیم فنڈ پر پھبتیاںکس کے ’’شریف ‘‘ بننے کی کوشش کر رہے ہیں ۔ یہ اربوں روپے جن تجوریوں میں گئے ابھی ہم نے ان کو بھی کھولنا ہے۔ انہوںنے کہا ڈیم فنڈ پر اعتراض کرنے والے پہلے ذرا اپنے گریبانوں میں جھانک لیں۔ ۔ راجہ راشد حفیظ نے کہا کہ ہمارے ملک میں کرپشن اتنی جڑ پکڑ چکی ہے کہ لوگوں کو ہر معاملے میں شک ہوتا ہے ۔ وزیر اعظم اور چیف جسٹس کا ڈیم فنڈ سو فیصد ایمانداری اور دیانتداری کے ساتھ ڈیموں کی تعمیر پر خرچ ہوگا ۔ اس مد میں جمع ہونے والی رقوم کسی اور مقصد کیلئے استعمال نہیں ہونگی ۔ انہوں نے کہا کہ یہ پاکستان کے مستقبل کا سوال ہے جس میں پوری قوم کی معاونت حاصل کرنا ایک احسن قدم ہے ۔

ای پیپر دی نیشن