عدلیہ کا سیاسی معاملات میں پڑنا ٹھیک نہیں‘ ہم نے خواجہ آصف کو نااہل‘ سپریم کورٹ نے بحال کر دیا: اسلام آباد ہائیکورٹ

Sep 13, 2019

اسلام آباد (وقائع نگار) اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس اطہر من اللہ نے وفاقی وزیر فواد چوہدری کی نااہلی کے لئے دائر درخواست پر نوٹس جاری کرتے ہوئے الیکشن کمشن اور وزارت قانون سے دو ہفتوں میں جواب طلب کر لیا۔ چیف جسٹس نے کہا کہ کیوں عدالت کو سیاسی معاملات میں مداخلت کرنی چاہیے؟ مطمئن کریں۔ جس پر وکیل نے کہا کہ فواد چوہدری نے الیکشن کمشن سے اثاثے چھپائے، جہلم کی زمین کو گوشواروں میں ظاہر نہیں کیا گیا۔ اس پر چیف جسٹس نے کہا کہ سیاسی معاملات سیاسی فورمز پر حل ہونے چاہئیں۔ میری عدالت نے ہمیشہ سیاسی کیس میں مداخلت کی حوصلہ شکنی کی۔ اس پر وکیل نے کہا کہ فواد چوہدری صادق اور امین نہیں رہے۔ چیف جسٹس نے کہا کہ کون سا انسان صادق اور امین ہو گا۔ جس پر وکیل نے کہاکہ نواز شریف، جہانگیر ترین کیس موجود ہیں جن میں نااہلی ہوئی۔ چیف جسٹس نے کہا کہ ہم نے خواجہ آصف کو نااہل کیا۔ سپریم کورٹ نے بحال کر دیا، مثال ہمارے سامنے ہے۔ عدلیہ کو بطور ادارہ سیاسی معاملات میں پڑنا ٹھیک نہیں۔

مزیدخبریں