متحدہ اپوزیشن کا سپیکر اسد قیصر کیخلاف تحریک اعتماد لانے کی تجویز پر غور

Sep 13, 2019

اسلام آباد (محمد نواز رضا ۔ وقائع نگار خصوصی) باخبر ذرائع سے معلوم ہوا ہے قومی اسمبلی میں متحدہ اپوزیشن قومی اسمبلی کے سپیکر اسد قیصرکے خلاف تحریک عدم اعتماد لانے کی تجویز پر غور شروع کر دیا ہے اس سلسلے میں ابتدائی طور پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنمائوں نے سپیکر کی جانب سے گرفتار ارکان قومی اسمبلی کے پروڈکشن آرڈر جاری نہ کرنے پر سپیکر کے خلاف تحریک عدم اعتماد کے’’ آپشن‘‘ پر تبادلہ خیال کیا ہے جب اس سلسلے میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کے دو سینئر رہنمائوں سے اس بارے میں استفسار کیا تو انہوں نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ پارٹی رہنمائوں نے اس بارے میں صلاح مشورہ کیا ہے تاہم اس بارے میں جلد متحدہ اپوزیشن کے اجلاس میں تجویز لائی جا ئے گی۔ متحدہ اپوزیشن کی تمام جماعتوں کو اعتماد میں لے کر سپیکر کے خلاف تحریک عدم اعتماد پیش کی جائے گی ذرائع کے مطابق جمعرات کی شب پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنمائوں کا اہم اجلاس میاں شہباز شریف کی زیر صدارت منعقد ہوا جس میں مولانا فضل الرحمنٰ کی کال پر ہونے والے’’ اسلام آباد آزادی مارچ ‘‘ میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کی شرکت بارے میں مولانا فضل الرحمنٰ سے ملاقات کا فیصلہ کیا گیا۔ میاں نواز شریف نے ہدایت کی ہے کہ اسلام آباد آزادی مارچ کے حوالے مولانا فضل الرحمنٰ سے تفصیلات طے کی جائیں اس سلسلے میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کس حد تک اپنا حصہ ڈالے گی یہ معلوم کرنے کے لئے آئندہ چند دنوں میں مولانا فضل الرحمنٰ اور میاں شہباز شریف کے درمیان ایک ملاقات ہو گی ۔

مزیدخبریں