افغانستان میں امریکہ کی ناکامی کا پاکستان پر الزام غیر منصفانہ ہے: عمران خان

اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ مسئلہ کشمیر پر 58 ملکوں کا انسانی حقوق کونسل میں پاکستان کا ساتھ دینا قابل ستائش ہے۔ ٹویٹ میں وزیراعظم نے کہا کہ انسانی حقوق کونسل میں پاکستان کا ساتھ دینے والے 58 ملکوں کو سراہتا ہوں۔ کشمیریوں کے حقوق کا احترام اور حفاظت کریں۔ یورپی یونین نے مسئلہ کشمیر بین الاقوامی قانون اور دو طرفہ معاہدوں کے مطابق حل کرنے پر زور دیا۔ بین الاقوامی برادری کا مطالبہ ہے بھارت مقبوضہ کشمیر میں عوام کے حقوق کاتحفظ کرے۔ 10 ستمبر کو انسانی حقوق کونسل میں پاکستان کے ساتھ ملکر عالمی برادری کی جانب سے بھارت سے طاقت کا استعمال روکنے، کرفیو اٹھانے، بندشیں ہٹانے، کشمیریوں کے حقوق کی تکریم و تحفظ کرنے اور سلامتی کونسل کی قراردادوں کے ذریعے تنازعہ کشمیر کے حل جیسے مطالبات کرنے والے 58 ممالک قابل تحسین ہیں۔ میں انسانی حقوق کونسل میں اقوام متحدہ سلامتی کونسل کی قراردادوں، بین الاقوامی قانون اور دوطرفہ معاہدوں کی روشنی میں تنازعہ کشمیر کے پرامن حل کے یورپی یونین کے مطالبے کا بھی خیر مقدم کرتا ہوں۔ عالمی برادری کا مطالبہ ہے بھارت سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق مسئلہ کشمیر حل کرے۔ یورپی یونین کے مسئلہ کشمیر کے پر امن حل کے مطالبے کا خیرمقدم کرتا ہوں۔ 58 ملکوں نے بین الاقوامی برادری کے مطالبے کو تقویت دی۔ وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت تعمیرات کے شعبے میں کاروبار کے لئے آسانیاں پیدا کرنے کے حوالے سے اقدامات پر اجلاس ہوا، اجلاس میں معاون خصوصی برائے اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان، چیئرمین سرمایہ کاری بورڈ سید زبیر گیلانی، سیکرٹری ہاؤسنگ ڈاکٹر عمران زیب، چیئرمین نیا پاکستان ہاؤسنگ اتھارٹی لیفٹیننٹ جنرل (ر) انور علی حیدر و دیگر سینئر افسران شریک ہوئے۔ چیئرمین نیا پاکستان ہاؤسنگ اتھارٹی لیفٹیننٹ جنرل (ر) انور علی حیدر نے وزیر اعظم کو تعمیرات کے شعبے میں حائل مشکلات اور انکے حل کے لئے اٹھائے جانے والے اقدامات کے حوالے سے بریفنگ دی ۔ وزیرِ اعظم نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کاروباری برادری کے لئے آسانیاں پیدا کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے تعمیرات کے شعبے کے فروغ کے لئے اسے باقاعدہ صنعت کا درجہ دینے کی منظوری دیدی انہوں نے کہا کہ حکومت تعمیرات سے متعلقہ قوانین کو آسان بنانے اور غیر ضروری اجازت ناموں اور این او سیز کی شرائط کو کم سے کم کرنے پر خصوصی توجہ دے رہی ہے۔ بڑے شہروں میں کثیر المنزلہ عمارات کی تعمیر کے حوالے سے حکومت پہلے ہی سول ایویشن و دیگر متعلقہ اداروں سے اجازت نامہ حاصل کرنے کی شرط کو ختم کر چکی ہے تاکہ مخصوص علاقوں کے علاقہ تمام دیگر علاقوں میں بغیر کسی رکاوٹ کثیر المنزلہ رہائشی اور کاروباری عمارات تعمیر کی جا سکیں۔ لینڈ کورٹس کے قیام سے اراضی سے متعلقہ مسائل کو جلد حل کرنے میں خاطر خواہ مدد ملے گی۔ روس کے ایکسپو بنک کے ڈائریکٹر اگواولادمیروچ نے وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کی ایکسپو بنک کے سربراہ نے پاکستان کے فنانشل سیکٹر میں گہری دلچسپی ظاہر کی وزیراعظم نے اس کا خیر مقدم کیا ۔
اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ افغانستان میں امریکہ کے کامیاب نہ ہونے کا الزام پاکستان پر لگانا غیر منصفانہ ہے۔ روسی ٹی وی کو انٹرویو میں عمران خان نے کہا کہ اگر ہم نائن الیون کے بعد امریکہ کی جنگ نہ لڑتے تو ہم دنیا کا خطرناک ملک نہ ہوتے۔ انہوں نے مزید کہا کہ سوویت یونین کے خلاف جنگ میں انہی لوگوں کو تربیت دی گئی، جس کا فنڈ سی آئی اے نے دیا تھا، یہ تربیت یافتہ لوگ تھے اور ایک عشرے بعد جب امریکہ وہاں گیا تو کہا گیا کہ یہ جہاد نہیں یہ دہشت گردی ہے۔ یہ بہت بڑا تضاد تھا جسے انہوں نے محسوس کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو اس جنگ میں غیر جانبدار رہنا چاہیے تھا، امریکہ کا اتحادی بننے سے یہ گروپس ہمارے خلاف ہوگئے اور 70 ہزار پاکستانیوں کی جانیں گئیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ وہ شروع سے ہی اس جنگ کے خلاف تھے، اس جنگ سے معیشت کو 100 ارب ڈالرز سے زیادہ کا نقصان پہنچا۔ اب آخر میں افغانستان میں امریکہ کے کامیاب نہ ہونے کا الزام ہم پر لگادیا گیا جو کہ یہ غیر منصفانہ ہے۔

ای پیپر دی نیشن