لاہور (وقائع نگار خصوصی) چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ جسٹس سردار محمد شمیم خان سے اقلیتی حقوق کی تنظیم نیشنل لابنگ ڈیلیگیشن فار مینارٹی رائٹس کے وفد نے ملاقات کی۔ وفد کی قیادت سمیرا شفیق ایڈووکیٹ نے کی جبکہ وفد میں تمام اقلیتی برادریوں کے نمائندے بھی شامل تھے۔ رجسٹرار لاہور ہائیکورٹ عبدالستار اور ایڈیشنل رجسٹرار و ڈائریکٹر اوورسیز پاکستانی کمپلینٹ سیل خالد سعید وٹو بھی موجود تھے۔ ملاقات میں اوورسیز پاکستانیوں اور اقلیتیوں کے مقدمات کے جلد فیصلوں اور دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ فاضل چیف جسٹس نے اوورسیز پاکستانیوں کے مقدمات کو جلد نمٹانے کے حوالہ سے صوبہ بھر کے سیشن ججزکو ہدایات بھی جاری کر دیں۔