مودی اگرجنگ چاہتا ہے توہم تیارہیں,آج بھی کہتا ہوں کہ بھارت میں نہ گھاس اگے گی نہ زندگی کے کوئی آثار ملیں گے:شیخ رشید

Sep 13, 2019 | 15:30

ویب ڈیسک

وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشیداحمدنے کہا ہے کہ مودی اگرجنگ چاہتا ہے توہم تیارہیں۔پہلے بھی کہا آج بھی کہتا ہوں کہ بھارت میں نہ گھاس اگے گی نہ زندگی کے کوئی آثار ملیں گے۔وزیراعظم عمران خان 27ستمبر کو اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں دنیا کوواضح پیغام دینے جارہے ہیں جس سے دنیا کی آنکھیں کھل جائیں گی۔کشمیر پر غداری کرنے والا یزید کا پیروکار اورسینہ تان کرکشمیریوں کے ساتھ وفا کرنے اورانہیں آزادی دلوانے والا حسینی ہوگا۔جمعہ کے روز یہاں مظفرآبادمیں مرکزی ایوان صحافت میں میٹ دی پریس سے خطاب کرتے ہوئے شیخ رشید نے واضح کیا کہ مودی فاشسٹ اورہٹلرنے دفعہ 370اور 35اے ختم کرکے غلطی کی ہندوستان غلطیاں در غلطیاں کررہا ہے۔ایٹمی دھماکے کرکے اپنی قوت اورجارحانہ سوچ کی عکاسی کی تو پاکستان نے فوراً6دھماکے کر کے حساب برابر کردیا۔اب بھی غیرقانونی اقدامات کرکے دنیا کے بیوقوف ترین وزیراعظم نے کشیدہ ماحول پیدا کردیا ہے۔مودی کی سوچ ہے کہ شاید پاکستان معاشی طورپرکمزور ہے تو اسے فتح کرلیا جائے گا یہ اس کی ناقص سوچ اورکم عقلی ہے۔پاکستانی افواج اسے نکیل ڈال کر دنیا بھرمیں ذلیل کریں گے۔اس سے قبل شیخ رشیداحمدسینٹرل پریس کلب پہنچے تو صدرطارق نقاش،سینئرنائب صدرامیرالدین مغل،جنرل سیکرٹری سیدغلام رضاکاظمی،ایڈیشنل جنرل سیکرٹری عبدالواجدخان،نائب صدراحسن شاہ اورسیکرٹری مالیات انصر صدیق خواجہ سمیت کلب کے معزز ممبران نے ان کا خیرمقدم کیا۔شیخ رشید احمد نے سینٹرل پریس کلب کے ممبران کے لیے پاکستان بھرمیں ریلوے کرائیوں میں 85فیصد رعایت کا اعلان بھی کیا جبکہ ٹیلی فون پر مشیر اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے سینٹرل پریس کلب کے لیے 2چلر اے سی دینے کا اعلان کیا۔شیخ رشیداحمد نے کہاکہ میری وزرات ریلوے کی ہے اورمیں نے واہگہ سے لے کر آخری کونے تک انڈیا کے ساتھ ہر قسم کی ریلوے سروس ختم کردی ہے۔ائیر سپیس بند کرنا شملہ معاہدے کو ختم کرنا خارجہ امور کے کام ہیں تاہم وزیرخارجہ مبارکباد کے مستحق ہیں کہ جنہوں نے پوری دنیا میں کشمیر پر بہترین سفارتکاری کی۔شیخ رشید نے کہا کہ آج عمران خان مظفرآبادمیں تاریخی خطاب کریں گے اوروہ کشمیریوں کے لیے جس طرح جدوجہد اورولولہ سے آگے بڑھ رہے ہیں ماضی میں اس کی مثال نہیں ملتی۔72سالوں میں کشمیر کو پہلی بار آگے بڑھایا گیا۔سلامتی کونسل سے لیکر انسانی حقوق کونسل تک کشمیریوں کے  حق میں بات ہوئی ہے۔27ستمبر کو وزیراعظم عمران خان اورمودی ایک ہی دن جنرل اسمبلی سے خطاب کریں گے۔کشمیر اگر پرامن طریقے سے حل نہ کیا گیاتو پھر جنگ ہوگی اور اس کے بعدسیز فائر لائن کا نام کوئی نہیں لے سکے گا۔اپوزیشن خدارا سیاست ایک طرف رکھ کر کشمیر ایشو پر ایک ہوجائے اوردشمن کو پیغام دے کہ پوری قوم متحد ومتفق ہے۔مودی ڈکٹیٹر نے ٹرمپ کے پاس بیٹھ کر کہا کہ 1947ء سے لیکر اب تک دونوں ملک ایک ہیں اورپھر اس نے بیان دیا کہ پاکستان دہشتگردی کی بنیاد پر بنا یہی ہندودت کانظریہ ہے اورمودی بھارت کواس نظریے کے ساتھ تباہ کر کے رکھ دے گا۔انہوں نے کہا کہ یاسین ملک ،میرواعظ عمر فاروق،سید علی گیلانی،شبیر شاہ،آسیہ اندرابی سمیت پوری حریت قیادت کو قید کر کے رکھ دیا گیا ہے۔کشمیر میں چالیس روز سے کرفیوسے زندگی اجیرن ہے اور کشمیری اپنی لاشیں رکھ کر آسمان کی طرف دیکھ کر اللہ تعالیٰ سے مدد کی درخواست کررہے ہیں۔جلد سماہنی لائن آف کنٹرول پرجائوں گا جہاں پاکستان کے شاہینوں نے بھارتی طیارہ گرایا تھا اسکے بعد نکیال،تیتری نوٹ،نیلم،چکوٹھی اور لیپہ بھی جائوں گا جہاں جوانی کے دنوں میں جاتا رہاہوں۔کشمیری ہوں میرا یہاں ووٹ رجسٹرڈ ہے اور کشمیری بھی بولتا ہوں۔مجھے کوئی منع نہیں کرسکتا کہ میں اپنی ریاست کی دونوں اطراف جہاں چاہے جائوں۔مودی نے آسام سے لیکر کشمیر تک اسلام اورمسلمانوں کے خلاف جنگ چھیڑ رکھی ہے جس کاوہ خمیازہ بھگتے گا۔میرا تعلق سری نگر کے لال چوک سے لیکر پنڈی کی لال حویلی تک ہے اور اس تعلق کو قائم رکھوں گا۔الیکٹرانک میڈیا نے جس طرح کشمیریوں کی آواز کوبلند کیا اس پرانہیں سلام پیش کرتاہوں۔۔مودی کے اقدامات کے بعد اب کنٹرول لائن کی کوئی حیثیت نہیں رہی اورنہ ہی معاہدوں کی کوئی حیثیت ہے۔کشمیرکے بغیر بھارت سے مذاکرات نہیں ہوسکتے جن کی یہ سوچ ہے وہ بیوقوف ہیں ۔کشمیری اتنے باغیرت ہیں کہ وہ اپنی جنگ خود لڑسکتے ہیں۔رشین ٹی وی اورانڈین ٹی وی جو کردار اداکررہے ہیں ہمارے پاس اس کا توڑ موجود ہے جلدسری نگر ،ہبہ کدل،راجوری،پلوامہ،ڈوڈہ میں پاکستانی چینل کی نشریات گھر گھر دستیاب ہوں گی۔عمران خان اورشاہ محمود قریشی نے کشمیر کی تحریک کے لیے جوکرداراداکیااس پر ہم انہیں خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔پوری قوم کشمیریوں کے ساتھ ہے جب بھی ضرورت پڑی توپاکستان کے 13کروڑ نوجوانوں کو لے کر جنگ کے لیے ہر اول دستے کا کردار اداکروں گا۔

مزیدخبریں