گوجرانوالہ (نمائندہ خصوصی) ڈاکٹرزکی مبینہ غفلت نومولود بچے کی جان لے گئی۔ بچے کے ورثاء کا جی ٹی روڈ پر احتجاجی مظاہرہ، ڈاکٹرز اور ہسپتال انتظامیہ کے خلاف تھانہ گکھڑ پولیس کو درخواست دے دی۔ تھانہ گکھڑ کے علاقہ میں نجی ہسپتال عملہ کی مبینہ غفلت نومود مولود بچے کی جان لے گئی۔ متاثرہ والدین نے الزام عائد کیا ہے کہ بچے کو پیدائش کے بعد حالت خراب ہونے پر نجی ہسپتال لایا گیا جہاں ڈاکٹرز کی غفلت سے ان کا اکلوتا بیٹا ہیٹر کا درجہ حرارت تیز ہونے کے باعث جھلس کر جاں بحق ہوا۔ والدین کا کہنا ہے بچہ جھلسنے کے بعد ڈاکٹرز ازخود بچانے کی کوشش کرتے رہے، ہمیں بچے سے تین چار روز سے ملوایا نہیں گیا ہمارا اکلوتا بچہ ڈاکٹرز کی غفلت کی بھینٹ چڑھ گیا ہے۔ دوسری جانب ہسپتال انتظامیہ کا کہنا ہے کہ بچے کو پیلا یرقان تھا جس کا علاج چل رہا تھا۔ والدین کو بچے کی حالت سے پل پل آگاہ کرتے رہے، غفلت نہیں۔