تہران (نیٹ نیوز) ایران میں نوید افکاری کی سزائے موت پر عمل درآمد کر دیا گیا ہے۔ سرکاری ٹیلی وژن کے مطابق ستائیس سالہ ریسلر کو جنوبی شہر شیراز کی عادل آباد جیل میں سزائے موت دی گئی۔ فوری طور پر یہ واضح نہیں کہ ان کی سزائے موت پر عملدرآمد کب کیا گیا۔ پچھلے ہفتے ریسلنگ کمیونٹی، بشمول انٹرنیشنل اولمپک کمیٹی کے سربراہ تھوماس باخ، نے ان کی سزا کے خلاف احتجاج کیا جبکہ امریکی صدر نے بھی ایک ٹوئیٹ میں ایرانی قیادت سے مطالبہ کیا تھا کہ افکاری کی زندگی بخش دی جائے۔ ایرانی حکام کا کہنا ہے کہ دو برس قبل ہونے والے حکومت مخالفت مظاہروں کے دوران افکاری نے ایک سکیورٹی گارڈ کی جان لی تھی اور اسی کی انہیں سزا دی گئی۔