بیجنگ (بی بی سی) چینی فوج نے تبت سے ملحقہ انڈین ریاست اروناچل پردیش سے 10 روز قبل لاپتہ ہونے والے انڈین شہریوں کو انڈیا کے فوجی حکام کے حوالے کر دیا ہے۔ پریس ریلیز کے مطابق ان پانچ افراد کو ضابطے کی کارروائی کے بعد سنیچر کے روز کیِبیتھو کے مقام پر انڈین فوج کے سپرد کیا گیا۔ اروناچل سے حکمراں جماعت بی جے پی کے رکن پارلیمان اور مرکزی وزیر کرن ریجیجو نے بھی ان افراد کی حوالگی کی تصدیق کی ہے۔ انہوں نے ایک ٹویٹ میں کہا نوجوان بالکل ٹھیک ہیں۔ البتہ ان کو مقررہ وقت کے لیے قرنطینہ میں رکھا جائے گا۔' انڈیا کا موقف ہے کہ ریاست اروناچل پردیش سے تعلق رکھنے والے یہ افراد ادویاتی جڑی بوٹیوں کی تلاش میں راستہ بھٹک گئے تھے۔ بعض انڈین حلقوں نے چین پر انہیں اغواء کرنے کا الزام لگایا تھا۔