بحری سرحدوں‘ سمندری مفادات کا ہر قیمت پر تحفظ کیا جائیگا: ایڈمرل ظفر عباسی

اسلام آباد (سٹاف رپورٹر) چیف آف دی نیول سٹاف ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے کہا ہے کہ ملکی بحری سرحدوں اور سمندری مفادات کاہر قیمت پر تحفظ  کیا جائے گا۔ بحریہ کے پریس ریلیز کے مطابق  انہوں نے  گوادر اور اورماڑہ میں پاک بحریہ کی تنصیبات کا دورہ کے موقع پر  ان خیالات کا اظہار کیا۔  نیول چیف نے  مختلف منصوبوں کا افتتاح  بھی کیا۔گوادر آمد پر کمانڈر کوسٹ وائس ایڈمرل فیصل رسول لودھی نے نیول چیف کا استقبال کیا۔امیرالبحر نے گوادر میں جدید سہولیا ت سے آراستہ میرینز ٹریننگ سینٹر (ایم ٹی سی ) کا افتتاح کیا۔بعد ازاں ، نیول چیف نے جناح نیول بیس اورماڑہ میں 21 ویں ایئر ڈیفنس بٹالین کے انفرا سٹرکچر کا افتتاح کیا۔میرینز ٹریننگ سینٹر (ایم ٹی سی ) پاکستان نیوی کا ایک بنیادی تربیتی ادارہ ہے جہاں پرنہ صرف پاکستان بلکہ دوست ممالک کے افسروں اور جوانوں کو تربیت فراہم کی جاتی ہے۔اس مواقع پر خطاب کرتے ہوئے نیول چیف نے زور دیا کہ پاک چین اقتصادی راہداری کے تناظر میں بالعموم ساحلی پٹی اور گوادر پورٹ کی اہمیت میں بالخصوص اضافہ ہوا ہے۔سی پیک سے متعلقہ منصوبوں کی عملداری اورکامیابی کا فائدہ سمندری علاقے کی حفاظت کے ساتھ جڑا ہوا ہے۔ اس میں فول پروف سمندری تحفظ کو یقینی بنانا پاک بحریہ کی سب سے اہم ذمہ داری ہے جس میں آنے والے سالوں میں مزید اضافہ ہوگا۔ ساحلی علاقوں  میں تعینات افسران اور جوانوں سے سے ملاقات کی اور ان کے عزم و جذبے کو سراہا۔

ای پیپر دی نیشن