ڈومور کا باب ہمیشہ کیلئے بند‘ کسی کیمپ میں نہیں جائیں گے: معید یوسف

اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) مشیر قومی سلامتی ڈاکٹر معید یوسف نے کہا ہے کہ فیصلہ کرچکے اب پاکستان کسی بھی ملک کے کیمپ میں نہیں جائے گا۔ ’’ڈومور‘‘ کا باب ہمیشہ کے لیے بند کر دیا۔ امریکا سمیت تمام ممالک کے ساتھ تعلقات میں بہتری چاہتے ہیں۔ مشیر برائے قومی سلامتی ڈاکٹر معید یوسف نے کہا ہے کہ پاکستان نے افغانستان کی صورتحال پر علاقائی ممالک کو اعتماد میں لیا ہے۔ امریکن سی آئی اے چیف سے بھی افغانستان کے مسائل اور ممکنہ حل پر گفتگو کی گئی ہے جس میں پاکستان نے ڈومور کا چیپٹر ہمیشہ کے لیے بند کر دیا ہے۔ ہم نہیں چاہتے کہ افغانستان میں معاشی، انسانی اور گورننس کا بحران پیدا ہو۔ معید یوسف نے کہا کہ یقین سے کہہ سکتا ہوں کہ ہٹلر اور مودی میں کوئی فرق نہیں، نہیں چاہتے کہ کشمیری ہمیشہ پستا رہے۔ فیصلہ کر لیا ہے کہ حقائق کھل کر دنیا کے سامنے رکھیں گے۔ پہلے کچھ چیزوں پر خاموشی تھی لیکن اب ایسا نہیں ہوگا۔ مودی جس پٹڑی پر چڑھ چکا ہے اپنا کباڑا خود کرے گا۔ چین کے ساتھ تعلقات پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جا سکتا۔ افغانستان کی حکومت کو تسلیم کرنے سے متعلق فیصلہ وقت آنے پر ہوگا۔

ای پیپر دی نیشن