فرقہ ورانہ تشدد کی فضا بھارتی سازش: علماء مشائخ‘ سیاسی قائدین

Sep 13, 2021

لاہور (خصوصی نامہ نگار) ملک بھر کے علماء و مشائخ اور مختلف مذہبی و سیاسی جماعتوں کے قائدین نے یکساں قومی نصاب تعلیم کو آئین پاکستان کے مطابق قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ یکساں قومی نصاب تعلیم میں بین المذاہب ہم آہنگی ، اقلیتوں اور عورتوں کے حقوق کے بارے میں تعلیمات واضح ہیں۔ یکساں قومی نصاب تعلیم کے خلاف مہم چلانے والے عناصر پاکستان کے تشخص کو عالمی سطح پر مجروح کرنا چاہتے ہیں۔ موجودہ حالات میں ملک میں فرقہ وارانہ تشدد کی فضا بھارتی سازش ہے۔ یہ بات مختلف مذاہب و مکاتب فکر کے اجلاس کے بعد جاری کردہ اعلامیہ میں کہی گئی۔ اجلاس میں چیئرمین پاکستان علماء کونسل حافظ محمد طاہر محمود اشرفی، مولانا سید ضیاء اللہ شاہ بخاری، مولانا حامد الحق حقانی، مولانا محمد خان لغاری، علامہ محمد حسین اکبر، مفتی محمد علی نقشبندی ، مولانا عبد الوہاب روپڑی، مولانا محمد قاسم قاسمی ،علامہ عبد الحق مجاہد، مولانا اسد زکریا قاسمی، مولانا نعمان حاشر، مولانا محمد شفیع قاسمی، مولانا مفتی محمد ضیاء مدنی، مولانا عبد الخالق ، مولانا محمد اشفاق پتافی ، علامہ طاہر الحسن، مولانا ابو بکر صابری ، مولانا اسد اللہ فاروق  اور دیگر علماء و مشائخ نے شرکت کی۔ علماء و مشائخ نے متفقہ طور پر موجودہ حالات میں پیغام پاکستان ضابطہ اخلاق پر عمل کرنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا تمام مکاتب فکر کے علماء و مشائخ اور عوام الناس کو فرقہ واریت کے حوالہ سے مکمل محتاط اور ہوشیار رہنا ہوگا۔

مزیدخبریں