لاہور (شہزادہ خالد سے) گذشتہ روز لاہور سمیت ملک بھر میں کنٹونمنٹ بورڈزکے انتخابات ہوئے۔ انتخابات مجموعی طور پر پرامن رہے۔ اکا دکا مقامات پر بدمزگی ہوئی۔ جسے فوری طور پر کنٹرول کر لیا گیا۔ 42 کنٹونمنٹ بورڈز کے 205 وارڈز میں 1567 امیدواروں کے درمیان مقابلہ ہوا۔ کنٹونمنٹ بورڈز میں بلدیاتی الیکشن میں پولنگ کا وقت ختم ہونے کے بعد فوری طور پر ووٹوں کی گنتی شروع کر دی گئی۔ پولنگ کا عمل صبح 8 بجے شروع ہوا اور شام 5 بجے تک بغیر وقفے کے جاری رہا۔ الیکشن کمشن نے پولنگ کا وقت بڑھانے سے انکار کر دیا تھا۔ لاہور کے 20 حلقوں میں انتخابات ہونا تھے لیکن وارڈ نمبر 7 کے امیدوار کی اچانک وفات کی وجہ سے ایک حلقے میں انتخاب ملتوی کر دیا گیا اور19 حلقوں میں 325 پولنگ سٹیشنز پر پولنگ ہوئی۔ لاہور کنٹونمنٹ بورڈز میں 121جبکہ والٹن کنٹونمنٹ بورڈ میں 234 پولنگ سٹیشنز قائم کئے گئے۔ ووٹر لسٹ میں 5 لاکھ 64 ہزار 928 ووٹرز شامل ہیں۔ ملک بھر کے کل 42 کنٹونمنٹ بورڈز کے کل ووٹرز کی تعداد 21 لاکھ 97 ہزار 741 ہے۔ انتخابات میں سیاسی پارٹیوں کے کارکنان نے اپنی اپنی پارٹی کو سپورٹ کرنے کیلئے بڑھ چڑھ کر حصہ لیا۔