ڈینش وزیر خارجہ کا فون ، پاکستان نے سفری ہدایت نامہ میں نرمی کا مطالبہ کردیا

اسلام آباد (نامہ نگار) وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کو ڈنمارک کے وزیر خارجہ جیپ کوفوڈ نے ٹیلی فون کیا۔ دونوں وزرائے خارجہ کے مابین دو طرفہ تعلقات اور افغانستان کی موجودہ صورتحال پر تبادلہ خیال ہوا۔ وزیر خارجہ شاہ محمود نے کہا کہ پاکستان، ڈنمارک کے ساتھ دو طرفہ تعلقات کو خصوصی اہمیت دیتا ہے۔ دونوں وزرائے خارجہ نے پاکستان اور ڈنمارک کے مابین، دو طرفہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔ وزیرخارجہ نے ڈنمارک کے وزیر خارجہ کو افغانستان سے مختلف ممالک کے سفارتی عملے، عالمی تنظیموں، میڈیا اور دیگر افرادکے محفوظ انخلاکے لئے فراہم کی گئی پاکستانی معاونت سے آگاہ کیا۔ ڈنمارک کے وزیر خارجہ جیب کوفوڈ نے کابل سے ڈنمارک کے شہریوں کو نکالنے میں بھرپور معاونت کی فراہمی پر وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی اور پاکستانی قیادت کا شکریہ ادا کیا۔ وزیر خارجہ نے ڈنمارک کی حکومت پر زور دیا کہ پاکستان میں سکیورٹی اور وبائی صورتحال میں بہتری کو دیکھتے ہوئے پاکستان کے لیے سفری ہدایت نامے پر نظر ثانی کرے۔ وزیر خارجہ نے جی ایس پی پلس سٹیٹس کے حوالے سے پاکستان کو ڈنمارک کی جانب سے ملنے والی مسلسل حمایت پر، ڈنمارک کے وزیرخارجہ کا شکریہ ادا کیا۔ وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے ڈنمارک کے اپنے ہم منصب کو پاکستان کے سرکاری دورے کی دعوت دی۔ جسے انہوں نے شکریہ کے ساتھ قبول کیا اور جلد دورہ  پاکستان کرنے کا عندیہ دیا۔ ڈنمارک کے وزیرخارجہ جیب کوفوڈ نے بھی وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کو دورہ  ڈنمارک کی دعوت دی۔

ای پیپر دی نیشن

آج کی شخصیت۔۔۔۔ جبار مرزا 

جب آپ کبھی کسی کے لیے بہت کچھ کہنا چاہ رہے ہوتے ہیں لفظ کہیں بھاگ جاتے ہیں ہمیں کوئی ایسے الفظ ملتے ہی نہیں جو اس شخصیت پر کہہ ...