اسلام آباد (نامہ نگار) نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی)کے اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں گزشتہ 24گھنٹوں کے دوران کرونا وائرس کے مزید 3ہزار 153کیسز سامنے آئے ہیں، مزید 58افراد اس موذی وبا کے سامنے زندگی کی بازی ہار گئے، اس کے مزید 3ہزار 797مریض شفایاب ہو گئے، جبکہ مثبت کیسز کی شرح 5اعشاریہ 45فیصد ہو گئی۔ پاکستان بھر میں کرونا وائرس کے اب تک 26 ہزار 720 مریض انتقال کر چکے ہیں جبکہ اس موذی وائرس کے کل مریضوں کی تعداد 12 لاکھ 4 ہزار 520 ہو چکی ہے۔ ملک بھر میں ہسپتالوں، قرنطینہ سینٹرز، وینٹی لیٹرز اور گھروں میں کرونا وائرس کے 91 ہزار 15 مریض زیر علاج ہیں، جن میں سے 5 ہزار 370 مریضوں کی حالت تشویش ناک ہے، جبکہ 10 لاکھ 86 ہزار 785 مریض اب تک اس بیماری سے شفایاب ہو چکے ہیں۔ گزشتہ 24 گھنٹوں میں ملک میں کرونا وائرس کے مزید 57 ہزار 792 ٹیسٹ کیئے گئے، جبکہ اب تک کل 1 کروڑ 84 لاکھ 68 ہزار 570 ٹیسٹ کئے جا چکے ہیں۔ پاکستان بھر میں اب تک کل 6 کروڑ 73 لاکھ 42 ہزار 288 ویکسین کی خوراکیں دی جا چکی ہیں جبکہ 2 کروڑ 16 لاکھ 13 ہزار 626 افراد کی مکمل ویکسی نیشن ہو چکی ہے۔ دوسری جمانب اسلام آباد ملک میں 50 فیصد ویکسی نیشن والا پہلا شہر بن گیا ہے۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے بیان میں اسد عمر نے کہا کہ اسلام آباد میں 50فیصدآبادی کی ویکسی نیشن ہوگئی۔ 71فیصد آبادی نے ویکسین کی پہلی ڈوز حاصل کی۔ ان کا ٹویٹ میں مزید کہنا تھا کہ دیگر شہروں میں ویکسین کی دوسری ڈوز لگانے میں تیزی کی ضرورت ہے۔
کرونا : 58 اموات ، اسلام آباد 50 فیصد ویکسی نیشن والا پہلا شہر
Sep 13, 2021