لاہور (خصوصی رپورٹر) مسلم لیگ (ن) کے صدر میاں شہباز شریف نے ایک ٹویٹ میں کہا ہے کہ اللہ تعالی کے حضور سجدہ شکر بجا لاتے ہیں اور کنٹونمنٹ بورڈز کے انتخابات میں مسلم لیگ (ن) پر اپنے ووٹ کے ذریعے اعتماد کا اظہار کرنے پر عوام کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یقین دلاتے ہیں کہ عوام کو مایوس نہیں کریں گے اور عوام کی مشکلات اور مسائل کو حل کرنے میں کوئی کسر نہیں اٹھا رکھیں گے۔ ملک کو ایک نئے جذبے سے تعمیر و ترقی اور خوشحالی کی منزل سے ہمکنار کریں گے۔ قبل ازیں انہوں نے ایک بیان میں عوام سے اپیل کی تھی کہ کنٹونمنٹ بورڈ کے انتخابات میں بھرپور شرکت کریں، ووٹ کا حق استعمال کریں خاص کر مائوں، بہنوں، بیٹیوں سے گزارش ہے کہ وہ اپنا ووٹ کا حق ضرور استعمال کریں۔ جبکہ کنٹونمنٹ بورڈ کے الیکشن میں مسلم لیگ (ن) کا ساتھ دینے کا مطلب یقینی خدمت اور مسائل سے نجات ہے۔ جھوٹے وعدوں اور دعووں کے بجائے خدمت کی سیاست کرنے والوں کو ووٹ دیں۔ انہوں نے امید ظاہر کی تھی کہ قوم سوچ سمجھ کر اپنے ووٹ کے حق کو استعمال کرے گی تاکہ عوامی مسائل حل ہوں۔ انہوں نے مسلم لیگ (ن) کے امیدواروں، کارکنان اور سپورٹرز کو ان کی محنت اور کاوشوں پر خراج تحسین بھی پیش کیا اور کہا کہ پورے حوصلے اور جذبے سے میدان میں ڈٹ کر کھڑے ہوں۔ ان شاء اللہ کامیابی آپ کے قدم چومے گی۔ مزید براں شہباز شریف نے بی این پی کے سربراہ اختر مینگل سے رابطہ کرکے ان کے والد سردار عطاء اللہ مینگل کی وفات پر تعزیت کی اور کہا کہ سردار عطاء اللہ مینگل نے تمام عمر بلوچ حقوق کی جدوجہد کی۔ سردار عطاء اللہ مینگل ایک بااصول انسان تھے، ملک وقوم کے لئے ان کی خدمات کو تادیر یاد رکھا جائے گا۔ انہوں نے سردار عطاء اللہ مینگل کے لئے فاتحہ خوانی اور دعا کی۔ اختر مینگل نے شکریہ ادا کیا۔
اللہ کا شکر ، عوام نے اعتماد کیا ، مسائل حل کریں گے : شہباز شریف
Sep 13, 2021