لاہور (نیوز رپورٹر) وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی جانب سے آغا خان ہسپتال کراچی میں زیر علاج معروف کامیڈین و اداکار عمر شریف کو گلدستہ بھجوایا گیا اور عمر شریف کی جلد صحتیابی کیلئے دعا کی گئی۔ وزیر اعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ عمر شریف پاکستان کا اثاثہ ہیں۔ عمر شریف نے کامیڈی کو نئی شناخت دی۔ عمر شریف کامیڈی و اداکاری میں اپنی مثال آپ ہیں۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے ورلڈ بیچ ریسلنگ سیریز میں گولڈ میڈل جیتنے پر پاکستانی ریسلر انعام بٹ کو مبارکباد دی ہے۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ انعام بٹ کا مسلسل پانچویں بار ورلڈ چیمپئن بننا اعزاز ہے۔ انعام بٹ کی جیت پاکستان کی جیت ہے۔ قوم کو انعام بٹ جیسے کھلاڑیوں پر فخر ہے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے بعض شہروں میں بارشوں کے باعث مختلف حادثات میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پرافسوس کا اظہار کیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے متعلقہ اضلاع کی انتظامیہ کو ہدایت کی ہے کہ حادثات میں زخمی افراد کو علاج معالجے کی بہترین سہولتیں فراہم کی جائیں۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ جاں بحق افراد کے لواحقین کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔ عثمان بزدار نے کہا ہے کہ خدمت، دیانت اور شفافیت کے سامنے منفی سیاست کی کوئی وقعت نہیں۔ عوام کی خدمت خالی باتوں سے نہیں بلکہ عمل سے ہوتی ہے۔ ہم نے 3 برس میں دعوے کئے نہ نعرے لگائے بلکہ صرف کام پر فوکس کیا۔ پنجاب میں حقیقی ترقی کا سفر شروع کیا ہے اور یہ سفرجاری و ساری رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ ترقی کے سفر میں رکاوٹ ڈالنے والے عوام سے دشمنی کر رہے ہیں۔ ان عناصر نے اپنے دور میں عوام کے وسائل کو بے دردی سے ضائع کیا اور سابق دور میں عوام کے نہیں صرف حکمرانوں کے حالات بدلے۔ ماضی میں دانستہ طور پر بعض علاقوں کو نظر انداز کیا گیا۔ عدم استحکام کی کوشش کرنے والی پی ڈی ایم خود انتشار کا شکار ہو چکی ہے۔ اپوزیشن جماعتوں نے حساس معاملات پر بھی سیاست چمکانے کی ناکام کوشش کی۔ تنقید برائے تنقید کرنے والے اپنے گریبان میں جھانکیں۔الزامات لگانے والے پیچھے رہ چکے ہیں اور وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں نیا پاکستان آگے بڑھ رہا ہے۔