خانیوال (سپیشل رپورٹر) محکمہ لوکل گورنمنٹ کی طرف سے ایک ارب روپے مالیت کے مختلف ترقیاتی کاموں کے ٹھیکے پرچی پول کے ذریعے فل ریٹس پر من پسند ٹھیکے داروں کو دینے کا انکشاف ہوا ہے۔ ذرائع کے مطابق پنجاب کے سرکاری خزانے کو کم از کم دس کروڑ روپے کا نقصان پہنچا ہے- ایکسین لوکل گورنمنٹ ملتان ڈویژن، ڈپٹی ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ خانیوال، ایس ڈی او لوکل گورنمنٹ خانیوال اور دیگر عملے نے من پسند ٹھیکیداروں کو ایک ارب روپے کے مالیاتی کاموں کی فہرست دی اور فل ریٹس پر کام بانٹنے کے لئے کہا جو انہوں نے باہم تقسیم کر لئے۔ ایک شہری طارق حنیف نے حکومت پنجاب کی پورٹل پرچی پول کی درخواست گزاری ہے، جبکہ درخواست گزار کا موقف ہے کہ اْس نے پرچی پول کے وقت ہی سیکرٹری لوکل گورنمنٹ پنجاب نور الامین مینگل کو واٹس ایپ کیا تھا۔ ’’نوائے وقت‘‘ نے اس معاملے پر سیکرٹری لوکل گورنمنٹ نورالامین مینگل سے رابطہ کیا تو اْن کا کہنا تھا کہ انہوں نے اپنے ایک سیکشن آفیسر لوکل گورنمنٹ کو اس معاملے کی جانچ کرنے کی ہدایت کی ہے- ایکسین لوکل گورنمنٹ ملتان ڈویژن خلیل الرحمان کھوسہ کو اْن کے موبائل نمبر اور واٹس ایپ میسنجر پر بار بار کال کی گئی اور پیغام بھی بھیجا گیا لیکن وہ دستیاب نہ ہوسکے- ایس ڈی او لوکل گورنمنٹ خانیوال نے رابطہ کرنے پر الزامات کی تردید کی اور ٹینڈر پروسیجر کے مطابق ٹھیکے دیئے جانے کا دعویٰ کیا ہے۔