راولپنڈی (اپنے سٹاف رپورٹرسے )عید گاہ شریف کے سجادہ نشین و عالم اسلام کے ممتاز مذہبی و روحانی پیشوا پیر محمدنقیب الرحمن نے کہا ہے کہ جب نیت درست ہو جاتی ہے تو انسان کسی کا برا نہیں سوچتا بلکہ اپنے وجود کو مخلوقِ خدا کے لئے باعثِ نفع بناتا ہے اور نیت درست ہو جانے والا ایک اچھے اور پاک دل کا مالک بن جاتا ہے۔ یہی نورانی تعلیماتِ نبوی ؐ مخلوقِ خدا تک پہنچانا اور یاد کروانا خانقاہی نظام کا خاصہ اور تربیت ہے۔ آج ہمارا سارا معاشرہ جس نفسا نفسی اور دنیا پرستی میں ڈوب کر اپنی ا’خروی زندگی کو بھلا بیٹھا ہے، یہ دنیوی امور کے متعلق سمجھداری و عقلمندی اور دینِ متین کی اعلیٰ تعلیمات سے دوری ا’خروی زندگی میں ہمارے کچھ کام نہ آ سکے گی اور حقیقی صاحبِ شعور وہ ہے جسے فکرِ آخرت حاصل ہو، ان خیالات کا اظہار انہوں نے عیدگاہ شریف میں منعقدہ ہفتہ وار درسِ حدیث پاک سے خطاب کے دوران کیا ۔ محفل سے خواجہ وجاہت جمیل اور علامہ صدیق حسنین نے بھی خطاب کیا،نعت حافظ محمد عامر اور محمد طاہر نے پیش کی، اختتام پر پیر محمد نقیب الرحمن کی وطن عزیز کی سلامتی، خوشحالی، ترقی، افواجِ پاکستان کی سر بلندی اور اتحاد بین المسلمین اور پوری دنیا سے کرونا وبا کے خاتمے کے لئے خصوصی دعا کی۔