لاہور(سٹاف رپورٹر)پاکستان ٹیکس بار ایسوسی ایشن نے ایک بار پھر ٹیکس نظام میں اصلاحات کا مطالبہ دہراتے ہوئے کہا ہے کہ دنیا کے ترقی یافتہ ممالک میں اس تناظر میں تھنک ٹینک کا قیام عمل میں لاکرتجاویز لی جاتی ہیں ، بیوروکریسی ہمارے نظام کا حصہ ہے لیکن جب تک اسٹیک ہولڈرز اور متعلقہ شعبوںکے ماہرین کو مشاورت کا حصہ نہیںبنایا جائے گا پالیسیاں کامیاب نہیں ہو سکتیں ،پاکستان کوموجودہ حالات میں جتنی ٹیکس آمدن اکٹھی ہے چند فیصلے لے کر اس میں کئی گنا اضافہ ممکن ہے ۔ پاکستان ٹیکس بار ایسوسی ایشن کے صدر آفتاب حسین ناگرہ،سینئر نائب صدرقاری حبیب الرحمان زبیری ،جنرل سیکرٹری فرحان شہزاد، سیکرٹری اطلاعات شہبازصدیق ، ارشد نوازمان او شہباز قادر نے اپنے مشترکہ بیان میں کہاکہ ایف بی آر کی مشینری ٹیکس دہندگان کو شک کی نگاہ سے دیکھنے کی پالیسی ترک کرے کیونکہ اس سے خوف و ہراس کی فضاء پھیل رہی ہے ۔ صنعتی اورکمرشل میٹرز کی تنصیب کے تناسب سے جائزہ لیا جائے تو اکٹھے ہونے والے ٹیکس کی شرح آٹے میں نمک کے برابر ہے ۔