کوئٹہ ( اے پی پی )جمعیت علما اسلام بلوچستان کے صوبائی امیر مولانا عبدالواسع نے کہا ہے کہ انتخابی اصلاحات کے معاملے پر حکومت نے اپوزیشن کواعتماد میں نہیں لیا بلکہ اپنی من مانی کے تحت انتخابی اصلاحات کے بل کو قومی اسمبلی سے منظور کروالیا ، ماضی میں کمیٹی میں پاکستان تحریک انصاف سمیت اس وقت کی پارلیمنٹ میں موجود تمام سیاسی جماعتوں کی نمائندگی تھی ۔ ان خیالات کا اظہارانہوں نے جمعیت کے ذمہ داران سے بات چیت کرتے ہوئے کیا ۔ انہوں نے کہا کہ اگر پاکستان تحریک انصاف کی حکومت انتخابی اصلاحات لانے میں سنجیدہ ہے تو وہ پارلیمانی کمیٹی کی تجاویز سے استفادہ حاصل کرسکتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ جس ملک کا وزیر اعظم قائد حزب اختلاف سے بات چیت تو دور کی بات ہاتھ ملانے کا بھی روادار نہ ہو تو وہاں پر متفقہ طور پر اصلاحات کیسے لائی جاسکتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ انتخابی اصلاحات تمام سیاسی جماعتوں کا مشترکہ معاملہ ہے لیکن حکومت اپوزیشن کو اعتماد میں لئے بغیر اصلاحات کو لانا چاہتی ہے وہ کسی طور پر بھی قابل قبول نہیں ہے ۔