کنٹونمنٹ بورڈ انتخابات، وزیر اعظم عمران خان واحد قومی رہنما ہیں:اسد عمر

Sep 13, 2021 | 10:39

ویب ڈیسک

اسلام آباد: نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کے سربراہ و وفاقی وزیرِ منصوبہ بندی اسد عمر نے کہا ہے کہ ملک بھر میں کنٹونمنٹ بورڈ انتخابات کے نتائج سے ثابت ہوتا ہے کہ تحریکِ انصاف قومی جماعت بن کر اُبھری ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں وفاقی وزیرِ منصوبہ بندی اسد عمر نے کہا کہ ایک بار پھر کنٹونمنٹ بورڈ الیکشنز نے ثابت کردیا کہ پی ٹی آئی ملک کی سب سے بڑی سیاسی جماعت ہی نہیں بلکہ اکلوتی قومی پارٹی ہے۔
پیغام میں وزیرِ منصوبہ بندی و ترقی اسد عمر نے کہا کہ پی ٹی آئی نے ہر صوبے میں یا تو سب سے زیادہ یا دوسرے نمبر پر سب سے زیادہ نشستیں حاصل کی ہیں جبکہ ن لیگ نے بلوچستان میں کوئی بھی نشست حاصل نہیں کی۔
وفاقی وزیر اسد عمر نے مزید کہا کہ ن لیگ سندھ میں پانچویں نمبر پر ہے جبکہ پیپلز پارٹی نے پنجاب میں کوئی نشست حاصل نہیں کی اور بلوچستان میں بھی نشست کے حصول میں مکمل طور پر ناکام ہوئی۔وزیرِ منصوبہ بندی اسد عمر نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے خیبر پختونخوا میں تیسری پوزیشن حاصل کی جبکہ پی ٹی آئی ملک کے ہر صوبے میں پہلے اور دوسرے نمبر پر رہی جس سے پتہ چلتا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان واحد قومی رہنما ہیں۔ 

خیال رہے کہ اِس سے قبل منعقدہ کنٹونمنٹ بورڈ انتخابات کے غیر حتمی و غیر سرکاری نتائج جاری کردئیے گئے، پی ٹی آئی آئی کے 63 امیدوار کامیاب رہے، تحریکِ انصاف نے ن لیگ اور پیپلز پارٹی کو پیچھے چھوڑ دیا۔
 ملک بھر میں گزشتہ روز منعقد ہونے والے کنٹونمنٹ بورڈ انتخابات میں تحریکِ انصاف کے 63، مسلم لیگ (ن) کے 59 امیدوار کامیاب ہوئے جبکہ پیپلز پارٹی کے 17 امیدواروں نے میدان مار لیا۔کنٹونمنٹ بورڈ انتخابات میں 52 آزاد امیدوار بھی مخالفین کو ہرا کر کامیاب ہو گئے۔ ایم کیو ایم کے 10، جماعتِ اسلامی کے 7 جبکہ بی اے بی اور اے این پی کے 2، 2 امیدواروں نے میدان مار لیا۔

مزیدخبریں