4سال میں 275بڑے کارخانے ، 1450چھوٹی فیکٹریاں لگائیں:اسلم اقبال

لاہور(کامرس رپورٹر )سینئر صوبائی وزیر میاں اسلم اقبال نے کہا کہ اپنے کرپشن کے کیسز ختم کرانے کیلئے اقتدار میں آنے والے نااہل حکمران ملک نہیں چلا سکتے۔ کرپٹ ٹولے کی ناقص معاشی پالیسیوں کے باعث قومی معیشت ڈوب رہی ہے۔بند ہوتی ہوئی فیکٹریوں سے بے روزگاری کا سیلاب آنے والا ہے۔ دنیا میں تیل کی قیمتیں کم اور پاکستان میں بڑھ رہی ہیں۔میاں اسلم اقبال نے اورینٹ الیکٹرونکس گروپ کی جانب سے سیلاب زدگان کو امدادی سامان بھجوانے کی تقریب سے کہا کہ سرمایہ کاری کے فروغ کیلئے 10 خصوصی اقتصادی زون بنائے اور سیمنٹ کے نئے کارخانے لگانے کیلئے 16این او سی جاری کیے۔ نون لیگ کے دور میں صرف 20فیکٹریاں لگیں اور ہم نے گزشتہ 4سال میں 275بڑے کارخانے اور 1450چھوٹی فیکٹریاں لگائیں۔ یہ صرف یہاں حکمرانی کرنے آتے ہیں۔ سازش کے تحت ایسے حکمران تعینات کر دیئے جائیں تو حالات ایسے ہی خراب ہوتے ہیں۔کرپٹ ٹولے کو کوئی سیلاب زدگان کی مدد کیلئے پیسے دینے کو تیار نہیں۔مسائل کا واحد حل فوری اور شفاف الیکشن ہیں۔پنجاب حکومت سیلاب متاثرین کے ساتھ کھڑی ہے۔سیلاب زدگان کی مدد کیلئے چھوٹے گھروں کی تعمیر اور دیگر اشیاء کی فراہمی پر توجہ دینے کی ضرورت ہے۔ ایم ڈی اور رینٹ گروپ میاں طلعت، ایگزیکٹو ڈائریکٹر احمد فضل اور دیگر افرادنے تقریب میں شرکت کی۔

ای پیپر دی نیشن