سرینگر (این این آئی + کے پی آئی) انڈین فوجیوں نے اپنی ریاستی دہشت گردی کی تازہ کارروائی میں پیر کو جنوبی کشمیر کے ضلع شوپیاں میں ایک کشمیری نوجوان کو شہید کر دیا۔شوپیان میں بھارتی فوجی مظالم کے خلاف لوگوں نے احتجاجی مظاہرے کئے، بڈگام میں ایک وکیل کی لاش درخت سے لٹکی ہوئی پائی گئی، قابض فوجیوں نے ایک نوجوان کو ضلع شوپیاں کے علاقے ہیف شرمال میں محاصرے اور تلاشی کی ایک کارروائی کے دوران شہید کیا۔دوسری جانب حکومت نے پاکستان اور غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں جاری تحریک آزادی کے خلاف پروپیگنڈہ کرنے کے لیے کنٹرول لائن اور بین الاقوامی سرحد کے قریب ایف ایم ریڈیو اسٹیشن قائم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی کی سربراہ محبوبہ مفتی نے پیر کو دفعہ 370کے بارے میںکانگریس کے سابق رہنما غلام نبی آزاد کے بیان پر رد عمل ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایسے لوگ بھی ہیں جن کو یقین ہے کہ دفعہ 370کو بحال کیا جائے گا۔