جدہ +ریاض+اسلام آباد(امیر محمد خان +ریاض بڈانی+خصوصی نامہ نگار) پاکستان میں سیلاب زدگان کی امداد کے لیے سعودی عرب میں قومی مہم کا آغاز کر دیا گیا۔ خادم الحرمین شریفین شاہ سلمان ہیومینٹیرین ایڈ اینڈ ریلیف سینٹر کے جنرل سپروائزر عبداللہ الربیعہ نے زور دیا کہ یہ مہم انسانی نقصان کی امداد کیلئے مملکت کی انسانی ہمدردی کی کوششوں اور امداد کی حمایت کرتی ہے۔ الربیعہ نے مخیر حضرات اور خیراتی کام کرنے والے لوگوں سے مطالبہ کیا کہ وہ "سہیم" پلیٹ فارم کے ذریعے، الیکٹرانک ایپلی کیشنز کے ذریعے یا مختلف سعودی بینکوں میں سینٹر کے اکاؤنٹس کے ذریعے پاکستانی عوام کی مدد کے لیے عطیات دیں۔ پاکستان کے سفیر امیر خرم راٹھور نے بتایا سیلاب سے 43 ملین افراد متاثر اور 20 لاکھ گھر تباہ ہوئے۔ سفیر نے حرمین شریفین کے متولی شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد محمد بن سلمان کا پاکستانی عوام کی حمایت کے اقدام پر شکریہ ادا کیا۔شاہ سلمان مرکز کے سربراہ ڈاکٹر عبداللہ الربیعہ نے بتایا کہ ’پاکستان کے لیے 100 ٹن امدادی سامان بھیجا جائے گا۔ انہوں نے اطمینان دلایا کہ ’امداد مستحق افراد تک پہنچانے کا انتظام ہے۔ امداد کی ترسیل اور تقسیم کی کڑی نگرانی کی جا رہی ہے۔ علاوہ ازیں شاہ سلمان مرکز کے ترجمان ڈاکٹر سامر الجطیلی نے بتایا کہ ’ہنگامی بنیاد پر دو سعودی طیارے امدادی سامان لے کر پاکستان پہنچیں گے۔ چند دنوں میں پانچ طیارے بھیجے جائیں گے۔ یاد رہے کہ شاہ سلمان مرکز خیبر پی کے کے متاثرہ علاقوں میں فوڈ باسکٹس تقسیم کرا رہا ہے۔ دو ہزار 422 فوڈ باسکٹس بنوں کے بکا خیل اور قبائلی علاقے میں تقسیم کی جا چکی ہیں۔ ان سے 16 ہزار 954 افراد کو فائدہ پہنچا ہے۔تفصیلات کے مطابق کنگ سلمان مرکز برائے امداد کے ترجمان ڈاکٹر سامر الجطیلی نے کہا کہ متاثرین کی امداد کا سلسلہ آج پاکستان کے لیے ہوائی راستے سے"ایمرجنسی ریلیف" کے دو طیاروں کے ساتھ شروع کیا جائے گا۔ متاثرین سیلاب کے لیے جانے والے امدادی سامان میں پناہ گاہیں، خوراک اور ادویات موجود ہیں۔
سیلاب زدگان کی امداد کیلئے سعودی عرب میں قومی مہم شروع
Sep 13, 2022