پی ٹی آئی نے مہنگائی سونامی شروع کیا، اتحادی حکومت نے عروج بخشا: سراج الحق 

Sep 13, 2022


 لاہور (خصوصی نامہ نگار) امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی اور پی ڈی ایم کی لڑائی کی وجہ سے عام آدمی شدید مشکلات سے دوچار ہے۔ تینوں بڑی جماعتوں کا منشور دراصل آئی ایم ایف کا ہر حکم قبول کرنا اور دل و جان سے اس پر عمل درآمد کرنا ہے۔ حکمران جماعتیں سودی نظام کی محافظ ہیں۔ سودی نظام انسانیت کا قاتل اور خودکش نظام ہے۔ حکومت فوری طور پر اللہ سے جنگ بند کر کے استغفار کرتے ہوئے سودی نظام کے خاتمے کی جانب پہلا قدم اٹھائے۔ ملک میں آفتیں اور مصیبتیں اللہ تعالیٰ کے نظام سے دوری کی وجہ سے ہیں۔ وفاقی و صوبائی حکومتوں کا اب تک سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں بحالی کے لیے عملی قدم نہ اٹھانا لمحہ فکریہ ہے۔ حکمران فوٹو سیشن اور ہوائی جائزوں کی بجائے متاثرین کی امداد کے لیے سنجیدگی سے آگے بڑھیں۔ جماعت اسلامی ایک پروگریسو، جمہوریت پسند اور ترقی پسند جماعت ہے جو حقیقی معنوں میں ملک کو مسائل سے نکالنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔ سیلاب سے متاثرہ آخری فرد کی بحالی تک امداد سرگرمیاں جاری رکھیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منصورہ میں مرکزی نظم کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ملک بھر میں ہونے والے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں ریلیف کے کاموں کا جائزہ لیا گیا۔ صدر الخدمت فائونڈیشن پاکستان محمد عبدالشکور نے امدادی کاموں کے حوالے سے تفصیلی رپورٹ پیش کی۔ انہوں نے جماعت اسلامی اور الخدمت فائونڈیشن کے رضاکاروں کو خراج تحسین پیش کیا۔ سراج الحق نے کہا کہ پی ٹی آئی نے جس مہنگائی کے سونامی کی ابتدا کی، اتحادی حکومت نے اسے عروج پر پہنچا دیا ہے۔ عام آدمی کی ماہانہ آدھی آمدنی بجلی کے بھاری بلوں کی ادائیگی میں صرف ہو جاتی ہے۔ گلگت بلتستان میں آزاد جموں و کشمیر حکومت کی طرف سے زیر تسلط کشمیر کے دو شہریوں کی گرفتاری کی مذمت کی۔

مزیدخبریں