حافظ آباد(نمائندہ نوائے وقت+نمائندہ خصوصی+ نامہ نگار)محکمہ پاپولیشن ویلفیئر حافظ آباد کی جانب سے ڈینگی سے بچائو کے حوالہ سے آگاہی واک اور سیمینار کا انعقاد کیا گیا، واک کی قیادت ڈسٹرکٹ آفیسر ساجدہ مشتاق نے کی۔ ضلعی دفتر میں منعقدہ سیمینار میں ملازمین ، سماجی تنظیموںکے رہنمائوں نے شرکت کی۔ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے ڈسٹرکٹ آفیسر ساجدہ مشتاق کا کہناتھا کہ ڈائریکٹر جنرل پنجاب میڈم ثمن رائے کی خصوصی ہدایات پر ڈینگی کی روک تھام اور اس سے بچائو کیلئے بھر پور اقدامات کا سلسلہ جاری ہے، ضلع بھر کے تمام فیملی ہیلتھ کلینکس ، اور فلاحی مراکزمیں عوام کو ڈینگی سے بچائو کے حوالہ سے آگاہی اورشعور کیلئے سیمینار اور واک کا اہتمام کیا جارہا ہے اس سلسلہ میں ضلع بھر میں رجسٹرڈ علماء کرام بھی عوام میں خصوصی آگاہی فراہم کررہے ہیں۔انہوں نے کہا ڈائریکٹر جنرل پنجاب اور ڈپٹی کمشنر حافظ آبا د توقیرالیاس چیمہ کی ہدایت پر تمام دفاتر اور فلاحی مراکز کی صفائی ستھرائی کی جارہی ہے جبکہ عوام کو خاص طور پر اس بارے آگاہی د ی جارہی ہے کہ ڈینگی مچھر اور اسکے لارواکی افزائش کو روکنے کیلئے کسی بھی جگہ پانی جمع نہ ہونے دیں۔