شاہینوں کی آج واپسی سلیکٹرز کی ٹیم کے دوبارہ انتخاب پر مشاورت 

لاہور ( سپورٹس رپورٹر) قومی کرکٹ ٹیم ایشیا کپ کے فائنل میں سری لنکا کے ہاتھوں شکست کے بعد آج وطن واپس پہنچے گی۔ ٹیم منیجر منصور رانا اور کپتان بابر اعظم سمیت قومی سکواڈ آج رات لاہور پہنچے گا۔ہیڈ کوچ ثقلین مشتاق دبئی سے اسلام آباد کیلئے روانہ ہونگے۔محمد رضوان، افتخار احمد، فخر زمان اور خوشدل شاہ اور وسیم جونیئر اتوار اور پیر کی درمیانی شب وطن واپس روانہ ہوئے۔تمام کھلاڑی صبح ساڑھے سات بجے پشاور پہنچیں گے۔حارث رؤف، شاداب خان، حیدر علی اور محمد نواز آج رات گئے اسلام آباد پہنچیں گے۔شاہنواز دھانی بھی آج رات کراچی پہنچیں گے۔دوسری جانب ایشیاکپ فائنل میں شکست نے سلیکٹرز کو بھی امتحان میں ڈال دیا۔سلیکٹرز انگلینڈ سیریز، دورہ نیوزی لینڈ اور آئی سی سی ٹی ٹونٹی ورلڈکپ کیلئے ٹیم کے دوبارہ انتخاب کیلئے مشاورت پر مجبور ہوگئے۔ذرائع کے مطابق فخر زمان، خوش دل شاہ  کیساتھ آصف علی بھی ڈینجرزون میں ہیں۔ البتہ ان فارم شان مسعود کی ٹیم میں واپسی کا روشن امکان ہے۔سلیکشن کمیٹی نے ممکنہ  کھلاڑیوں کا انتخاب مکمل کرلیاتھا اورمجوزہ پروگرام کے مطابق قومی ٹیم کا اعلان آج کیاجانا تھا تاہم سری لنکا کیخلاف دو میچوں میں شکست نے سب پلان پر پانی پھیردیا۔ملتان میں جاری نیشنل ٹی ٹونٹی کے دوران چیف سلیکٹر محمد وسیم نے ساتھی سلیکٹرز کیساتھ بیٹھ کر فائنل میچ دیکھا اور فخر زمان، خوش دل شاہ، آصف علی سمیت بعض دوسرے کھلاڑیوں کی پرفارمنس پر بھی  تشویش کا اظہار کیا۔چیف سلیکٹر محمد وسیم سلیکٹرز کیساتھ ابتدائی بات چیت کے بعد لاہور واپس آگئے ہیں۔ اب انہیں کپتان بابر اعظم اور ہیڈکوچ ثقلین مشتاق کی واپسی کا انتظار ہے تاکہ ان کیساتھ ٹیم میں تبدیلیوں پر مشاورت کرسکیں۔ ؒمیڈیکل پینل سے لندن میں ری ہیب میں مصروف شاہین شاہ آفریدی کی فٹنس پر بھی رپورٹ لی جائیگی۔انہیں نیوزی لینڈ اور ورلڈکپ سکواڈ میں فٹنس سے مشروط کرکے ٹیم کا حصہ بنایاجائیگا۔ انگلینڈ کی ٹیم پندرہ ستمبر کو 7 ٹی ٹونٹی میچز کے لیے کراچی پہنچ رہی ہے جبکہ  پی سی بی کو انگلینڈ کی آمد سے پہلے اور پندرہ ستمبر تک آئی سی سی ورلڈکپ کے لیے ٹیموں کا اعلان کرنا ہے۔ سلیکشن کمیٹی ان کھلاڑیوں کو ورلڈکپ میں نمائندگی کا موقع دینا چاہتی ہے جو آسٹریلوی کنڈیشنز میں بہتر پرفارمنس دے سکیں۔
شاہینوں کی آج واپسی 

ای پیپر دی نیشن