کراچی ( نیوز رپورٹر) پاکستان کی 12 سالہ ٹینس کھلاڑی ہانیہ منہاس نے نیویارک میں حال ہی میںمنعقدہ ’’لٹل مو‘ ‘ٹورنامنٹ میں بارہ سے کم عمرکے گرلزسنگلز، ڈبلز اور مکسڈ ڈبلز میں کامیابی حاصل کی۔ گرلز سنگلز میں ہانیہ نے جولیانا کاسٹیلانوس ٹروجیلو کو سٹریٹ سیٹس میں 6-1، 6-1 سے شکست دی۔ اس کے بعد اس نے جولیانا کے ساتھ گرلز 12 ڈبلز کے لیے ٹیم بنائی، جہاں انہوں نے فائنل میں نیلا گلواکا اور جنیتا فائلز کو8۔3 سے شکست دی۔ تھامس او نیل اور ہانیہ نے مکسڈ ڈبلز کے لیے فائنل میں ایشان یادلاپلی اور الزبتھ سبائیو کو8۔5سے شکست دی۔ہانیہ نے کہا کہ ،’’یہ ٹرافیاں بہت معنی رکھتی ہیں اور میں اپنی بہترین صلاحیتوں کے مطابق کھیلنا جاری رکھنا چاہتی ہوں۔‘‘ ’’لٹل مو‘ ٹورنامنٹ ابھرتے ہوئے سٹارز کے لیے اہم ٹورنامنٹ ہیں۔ بارڈ فاؤنڈیشن کے بانی عبدالرزاق داؤد، جنہوں نے ہانیہ کو نو سال کی عمر سے سپانسر کیاہے نے اس کامیابی پر خوشی کا اظہار کیا ہے۔ بلقیس اور عبدالرزاق داؤد (BARD) فاؤنڈیشن اس وقت بریڈنٹن، فلوریڈا میں قائم امریکا کی IMG اکیڈمی میں ہانیہ کو ٹریننگ کے لیے سپانسر کر رہی ہے۔ پچھلے آٹھ ماہ میں ہانیہ منہاس نے مجموعی طور پر 8 گولڈ میڈل، 1 سلور اور 1 کانسی کا تمغہ جیتا ہے، جس سے وہ ایشین ٹینس چیمپئن شپ میں پاکستان کی جانب سے 14 سال اور کم عمر کی گرلز کیٹگری جبکہ لڑکوں اور لڑکیوں ، دونوںکیٹگریز میں سب سے زیادہ رینک والی ٹینس کھلاڑی بن گئی ہیں۔2021 میں ہانیہ منہاس نے یونان میں آئی ایم جی فیوچر اسٹارز میں کانسی کا تمغہ بھی جیتا تھا۔
ہانیہ منہاس