لاہور(سپورٹس رپورٹر)پاکستان کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ گرانٹ بریڈبرن نے بھارت سے پاکستان کی بڑی شکست کو سبق قرار دیدیا ہے۔ گرانٹ بریڈ برن نے کہا کہ اس شکست کا دفاع کرنے کیلئے کوئی بہانے نہیں بنائیں گے، جو مواقع ہم نے کھوئے اس پر نظر ثانی کریں گے تاہم ذاتی طور پر میرا خیال ہے کہ جو کچھ پچھلے دو دن میں ہمارے ساتھ ہوا وہ ایک تحفہ ہے۔اپنی بات کی وضاحت پیش کرتے ہوئے گرانٹ بریڈبرن نے کہا کہ 'ہم اس تحفے کیلئے شکرگزار ہیں کیونکہ ورلڈکپ سے قبل اس سٹیج پر بھارت کےساتھ کھیلنا ہمارے لیے اچھا موقع ہے، ہمیں ایسے مواقع بہت کم ملتے ہیں کہ بھارت کے نمبر ون کھلاڑیوں کےساتھ کھیلیں۔انہوں نے کہا کہ ایشیا کپ کی کنڈیشنز ورلڈکپ کی کنڈیشنز سے ملتی جلتی ہوں گی، اسی لیے یہ ہمارے لیے سیکھنے کا اچھا موقع ہے۔بریڈ برن نے کہا کہ ہم نے گزشتہ 3 ماہ سے کوئی میچ نہیں ہارا، بھارت سے شکست ہمارے لیے یاد دہانی اور سبق ہے کہ ہم جب بھی گراو¿نڈ میں ہوں تب خود کو مکمل اور بھرپور تیار رکھیں اور اپنی طرف سے بہترین کھیل پیش کریں۔