انٹر بنک میں ڈالر 20روزکی کم ترین سطح پر ،300روپے سے نیچے آگیا

Sep 13, 2023

کراچی ( کامرس رپورٹر ) انٹر بینک میں روپے کے مقابلے ڈالر سستا ہو گیا جبکہ اوپن مارکیٹ میں ڈالرکی قدر مستحکم رہی۔سٹیٹ بینک کے مطابق منگل کے روز انٹر بینک میں روپے کے مقابلے ڈالر300 روپے کی سطح سے گر گیا۔ انٹر بینک میں 1.27روپے سستا ہو گیا جس سے ڈالر کی قدر301.16روپے سے گھٹ کر299.89روپے ہو گئی تاہم اوپن مارکیٹ میں ڈالرکی قدر300روپے کی سطح پر برقرار رہی۔فاریکس رپورٹ کے مطابق یورو کی قدر میں1روپے کا اضافہ ہوا جس سے یورو کی قدر319روپے سے بڑھ کر320روپے ہو گئی اسی طرح3روپے کے نمایاں اضافے سے برطانوی پونڈ کی قدر370روپے سے بڑھ کر373روپے پر جا پہنچی۔ملکی صرافہ مارکیٹو ں میں ایک تولہ سونا5600روپے مہنگا ہو گیا جس کے بعد ایک تولہ سونے کی قیمت2لاکھ15ہزار روپے پر جا پہنچی۔آل پاکستان سپریم کونسل جیولرز ایسوسی ایشن کی رپورٹ کے مطابق ڈالر کی قدر میں گراوٹ کے بعد سونے میں سرمایہ کاری کا رجحان بڑھ رہا ہے جس کی وجہ سے سونے کی قیمت میں نمایاں اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔گذشتہ روز دس گرام سونے کی قیمت میں 5058روپے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیااور دس گرام سونا1لاکھ84ہزار585روپے کا ہو گیا جبکہ عالمی مارکیٹ میں15ڈالرکی کمی سے فی اونس سونا1911ڈالر پر آگیا۔نوائے وقت رپورٹ کے مطابق انٹربینکمیں ڈالر 20 روز کی کم ترین سطح پر اور 300 روپے سے نیچے آگیا۔ 

مزیدخبریں