لاہور (نوائے وقت رپورٹ) نگران وزیر اعلیٰ محسن نقوی نے جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ ملتان میں پولیس شہداءکی فیملیز سے ملاقات کی۔ 32 پولیس شہداءکی فیملیز میں پلاٹ کے الاٹمنٹ لیٹر دیئے اور شہداء کی فیملیز سے پلاٹ کی ملکیتی اور ٹرانسفر فیس وصول نہ کرنے کا اعلان کیا۔ وزیر اعلی محسن نقوی نے کہا کہ پاک فوج اور پولیس کے شہداءہمارے ہیرو ہیں۔ سرحدوں اور ہمارے گھروں کی حفاظت کرنے والے شہداء ہمارے دلوں میں رہتے ہیں۔ زندہ قومیں اپنے ہیروز کو کبھی فراموش نہیں کرتیں۔ محسن نقوی نے رات گئے کابینہ کے ساتھ نشتر ہسپتال ملتان اور تھانہ ممتاز آباد کا طویل دورہ کیا۔ ہسپتال میں مفت ادویات نہ ٹیسٹ، انجکشن نہ سرنجز، مریضوں اور تیمارداروں نے طبی سہولتوں کے فقدان پر شکایات کے انبار لگا دیئے۔ کئی وارڈز میں اے سی بند، پارکنگ میں اوور چارجنگ کی شکایات پر محسن نقوی شدید برہم ہوئے اور ایم ایس کی سرزنش کی۔ وزیر اعلی محسن نقوی نے ایم ایس کو فوری طور پر تبدیل کر دیا۔ ٹیسٹ باہر سے کرانے کی شکایات اور مریضوں سے غلط بیانی پر لیب انچارج کے خلاف بھی کارروائی، پارکنگ اوور چارجنگ پر ٹھیکیدار کے خلاف ایف آئی آر درج کرنے کا حکم دیا۔ محسن نقوی نے ممتاز آباد تھانے میں فرنٹ ڈیسک کا معائنہ کیا اور سائلین کی درخواستوں پر پراگریس کا جائزہ لیا۔ وزیر اعلی نے درخواستوں پر پراگرس کے حوالے سے سائلین کو آگاہ رکھنے کی ہدایت کی۔ کپاس کی فصل پر سفید مکھی کے حملہ کے پیش نظر محسن نقوی نے سیکرٹری زراعت افتخار سہو کو ہنگامی بنیادوں پر فوری حفاظتی اقدامات کی ہدایت کی ہے۔ سیکرٹری زراعت جام پور جا کر حفاظتی اقدامات کی نگرانی کریں گے۔ سفید مکھی کے تدارک کی مہم کے دوران پاک فوج کے تعاون سے ہیلی کاپٹرز اور ڈرون کے ذریعے جنوبی پنجاب میں کپاس کی فصل پر سپرے کیا جائے گا۔ پاک فوج نے سپرے کے لئے ہیلی کاپٹر اور ڈورنز فراہم کر دیئے ہیں۔ وزیر اعلی محسن نقوی نے کہا کہ کاشتکاروں کی محنت ضائع نہیں ہونے دیں گے۔ محسن نقوی نے ملتان انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی‘ شہباز شریف ڈی ایچ کیو ہسپتال، کیڈٹ کالج، پریس کلب اور دربار شاہ شمس تبریز کے دورے بھی کئے۔ محسن نقوی کو انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی کے توسیعی پراجیکٹ کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔ محسن نقوی نے صوبائی کابینہ، چیف سیکرٹری، انسپکٹر جنرل پولیس اور سیکرٹریز کے ساتھ ملتان اور مظفرگڑھ میں تقریباً 28گھنٹے قیام کیا اور اس دوران مختلف ہسپتالوں، تھانوں اور دیگر اداروں کے تقریباً 22 گھنٹے تک دورے کئے۔ مظفر گڑھ میں محسن نقوی نے رجب طیب اردگان ٹرسٹ ہسپتال، ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال مظفر گڑھ اور انڈسٹریل اسٹیٹ سائیٹ کے دورے کئے۔ رجب طیب اردگان ہسپتال سے ملحق نیا نرسنگ سکول بنانے کا اعلان کیا۔ وزیراعلی نے کہا کہ جنوبی پنجاب کا 2دن کا یہ دورہ بھرپور رہا ہے، کابینہ اور افسر رات 2 بجے تک فیلڈ میں موجود رہے۔ جنوبی پنجاب میں رہنے کا مقصد لوگوں سے ملنا اور ان کے مسائل کے بارے جاننا تھا۔ جنوبی پنجاب کے دورے سے وزراءاور افسران کافی کچھ سیکھ کر جا رہے ہیں۔ جب تک حکومت میں موجود ہیں انشاءاللہ جنوبی پنجاب میں آتے رہیں گے۔ جنوبی پنجاب دورے کے دوران جو مسائل سامنے آئے ہیں انشاءاللہ حل کریں گے۔
نشتر ہسپتال ملتان کا دورہ، دوا نہ مفت ٹیسٹ، ایم ایس فارغ
Sep 13, 2023