کراچی(کامرس رپورٹر)سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے تجارت کے چیئرمین سینیٹر ذیشان خانزادہ نے کہا ہے کہ حکومت کے پاس مسائل کا کوئی فوری حل نہیں ،ہم سب چاہتے ہیں کہ کاروباری طبقے کو سہولیات فراہم کریں۔گزشتہ روز کراچی چیمبر کے دورہ کے موقع پر تاجروں اور صنعتکاروں سے بات چیت کرتے ہوئے انہوںنے کہا کہ کراچی چیمبر کے وفد سے بہت اچھی بات چیت ہوئی ہے،ہم عام طور پر نجی شعبے کو کم سنتے ہیں، لیکن کراچی چیمبرسے یہ گلہ ہے کہ انہوںنے بھی ہمیں کبھی نہیںبلایا ، سلیم مانڈوی والا کراچی سے ہیں، کراچی والوں سے کم ملتے ہیںلیکن ہم انہیں بھی ساتھ لائے ہیں،سینیٹ کا حلقہ ملک بھر کے چیمبرز ہیں،میں کے پی کے سے ہوں اور آپ لوگ سندھ سے ہیں،مسائل ہر جگہ ہیں، آپ رابطے میں رہیں، مسائل کی نشاندہی کریں، میں یقین دہانی کراتاہوں کہ کمیٹی سے جو تجویز جائے گی اس کا فالو اپ ہوگا، نجی شعبہ حل نکالے، افسر شاہی حجتیں ہم دور کریں گے،اس موقع پر کراچی چیمبر کے صدر طارق یوسف نے کہا کہ کارخانوںکی آدھی پیداواری صلاحیت اس وقت استعمال ہی نہیںہورہی ہے تو ملک کی بر آمدات کیسے بڑھیں گی،بڑھتی ہوئی پیداواری لاگت نے صنعتوں کےلئے بے پناہ مسائل پیدا کردیئے ہیں،بجلی ،گیس اور پٹرولیم مصنوعات کے بڑھتے ہوئے نرخوںکے ساتھ ساتھ بلند شرح سود بھی ملکی پیداوار میں اضافہ کی راہ میںرکاوٹ بن رہی ہے۔
حکومت کے پاس مسائل کا کوئی فوری حل نہیں: ذیشان خانزادہ
Sep 13, 2023